Live Updates

رمضان المبارک کی آمد، وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتیوں کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی

پوش سیکٹروں میں سیکیورٹی انتظامات کے باعث ڈاکوؤں نے نواحی علاقوں کو ٹارگٹ بنا لیا،پی ڈبلیو ڈی مارکیٹمیں غیر ملکی جوڑے کو لوٹ لیا گیا تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں ڈاکو پی اے آر سی کے ممبر کے گھر سے نقدی‘ لیپ ٹاپ‘ موبائل، طلائی زیورات لیکر فرار ،پولیس سراغ نہ لگا سکی

پیر 15 جون 2015 19:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتیوں کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ اسلام آباد کے پوش سیکٹروں میں سیکیورٹی کے موثر انتظامات کے باعث ڈاکوؤں نے دارالحکومت کے نواحی علاقوں کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا ہے۔ گزشتہ روز ڈاکو تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں رہائش پذیر پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر شاہد مسعود کے گھر دلیری سے داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر گھر میں پڑی ہوئی نقدی‘ لیپ ٹاپ‘ قیمتی موبائل اور طلائی زیورات لیکر فرار ہو گئے تھانہ لوہی بھیر پولیس تاحال ملزمان کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی ہے جبکہ چند روز پہلے پی ڈبلیو ڈی کی مارکیٹ سے ڈاکو ایک غیر ملکی جوڑے کو لوٹ کر فرار ہوئے اور پولیس منہ دیکھتی رہ گئی۔

(جاری ہے)

پی ڈبلیو ڈی کے شاپنگ مال خواتین سے پرس چھین کر بھاگنے کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں اور گزشتہ ہفتے ضیاء مسجد کے قریب ایک لیڈی ڈاکٹر عظمیٰ کو لوٹتے ہوئے ڈاکوؤں نے گولی مار دی۔ تھانہ لوہی بھیر‘ تھانہ کھنہ‘ تھانہ کورال اور تھانہ چک شہزاد میں پچھلے دس دن کے اندر ڈکیتی کی وارداتوں کے گراف میں سو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا حالانکہ اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے تحفظ کے نام پر مزید 4 تھانے بھی قائم کر دیئے ہیں لیکن ان تھانوں کے قیام کے بعد شہری مزید غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کورال‘ لوہی بھیر‘ کھنہ اور چک شہزاد میں رہائش پذیر اس وقت 280 سے زائد اشتہاری ملزمان پولیس کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ پولیس کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے کو بتایا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ مقامی تھانوں میں موجود پولیس کی کالی بھیڑوں کا ملزمان سے مل جانا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے سابق صدر پاکستان وسیم سجاد کو تھانہ چک شہزاد کی حدود میں لوٹا گیا لیکن پولیس ملزمان کو پکڑنے میں ناکام رہی اور انہی دنوں میں اس علاقے میں ڈی جی نادرا اشفاق کے گھر میں بھی ڈکیتی ہوئی مگر پولیس حسب معمول مقدمہ درج کر کے خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی۔

وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں میں ڈاکوؤں نے عملاً اپنی اجارہ داری قائم کر لی ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد اور انکی ٹیم پوش سیکٹروں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات