پی ٹی وی ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ رپورٹ عدالت میں پیش

پیر 15 جون 2015 19:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی وی ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ۔ پیر کے روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پی ٹی وی ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے دائر کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی کے وکیل شاہد کھوکھر نے اجلاس رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا تھا کہ ملازمین کو مستقل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس پر دو ارب تک کے اخراجات آئینگے سرکاری ٹی وی کے وکیل کا کہنا تھا کہ تین رکنی کمیٹی بنائی جائے گی جو اس حوالے سے دوبارہ جائزہ لے گی ۔

عدالت نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز ازخود ہی سب فیصلے کررہے ہیں پہلے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے اجلاس بلانے کی بات کی گئی اور اب کمیٹی بنانے کی بات کی جارہی ہے ملازمین کے وکیل حافظ عرفات نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ توہین عدالت کی درخواست دائر کرنا چاہتے ہیں بعد ازاں عدالت نے سماعت 23جون تک ملتوی کردی