لاہور ہائیکورٹ بار نے بھارتی وزیر اعظم نریند مودی کے بیانات کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی

ہم ایٹمی طاقت ہیں ،اپنادفاع کرنا جانتے ہیں ،کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں ہونی چاہیے ،مودی کو ایسے بیانات دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،بھارتی حکام کو بتانا چاہتے ہیں اگر کوئی حملہ ہوا تو پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیگی، وکلاء رہنماؤں پیر مسعود چشتی ،محمد احمد قیوم، پیر اشرف علی قریشی، منیر بھٹی، رفیق جھٹول ،رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ ، چوہدری محمد رمضان کا جنرل ہاؤس اجلاس سے خطاب

پیر 15 جون 2015 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیر اعظم نریند مودی کے بیانات کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی جبکہ جنرل ہاؤس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہم اپنادفاع کرنا جانتے ہیں ، ہم بھارتی حکام کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر کوئی حملہ ہوا تو پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑے گی،بھارتی وزیر اعظم کو ایسے بیانات دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،پاکستان وزارت خارجہ کو بھی ایکشن لینا چاہیے کہ کسی کو ہمت نہ ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، سانحہ ڈسکہ تاریخ کا بہت بڑا المیہ ہے ،سانحہ ڈسکہ کے متاثرین کی مالی معاونت کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مسلم کمرشل بینک، لاہور ہائیکورٹ برانچ میں اکاؤنٹ کھول دیا گیا ہے ،تمام وکلاء اس فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر مسعود چشتی کی زیر صدارت سانحہ ڈسکہ کے سلسلہ میں جنرل ہاؤس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب صدرلاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد عرفان عارف شیخ ، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر محمد احمد قیوم ، فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سید اختر حسین شیرازی ، لاہورکے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر مسعود چشتی نے خطاب کرتے ہوئے سانحہ ڈسکہ کے حوالہ سے بتایا کہ مقدمہ کا چالان پیش ہو گیا ہے جسکی گزشتہ روز پیشی تھی جس میں ملزم نے درخواست دی ہے کہ مجھے وکیل کرنے کا موقع دیا جائے اس سلسلہ میں مورخہ 18جون 2015جمعرات تک کا ٹائم دیا گیا ہے جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ڈسکہ کے سلسلہ میں لیگل ٹیم کا اجلاس ہم سیالکوٹ یا گوجرانوالہ میں رکیھں گے تاکہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کو یقینی بنایا جائے تاکہ 15دن کے اندر مقدمہ کا فیصلہ ہو سکے۔

اجلاس سے سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد احمد قیوم، صدر پاکپتن بار ایسوسی ایشن پیر اشرف علی قریشی، ممبر پنجاب بار کونسل منیر بھٹی، ممبر پنجاب بار کونسل رفیق جھٹول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ڈسکہ تاریخ کا بہت بڑا المیہ ہے ۔ اس دکھ بھرے لمحہ میں تمام ہائیکورٹس بار ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، سب ڈویژنل بار ایسوسی ایشن ایک ہیں اور متحد ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چاہے سانحہ کراچی ، ساہیوال ،چونیاں یا رینالہ خورد ہو جسمیں وکلاء صاحبان کو بہیمانہ طریقے سے تشدد ، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں شہید کیا گیا ہم ان واقعات کو نہیں بھولے۔ ہم نے سڑکوں پر ملک کی نظام کی بقاء کی جنگ لڑی ہے ہم اپنے تحفظ کی جنگ بھی لڑنا جانتے ہیں۔ سانحہ ڈسکہ کے متاثرین کی مالی معاونت کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مسلم کمرشل بینک، لاہور ہائیکورٹ برانچ میں اکاؤنٹ کھول دیا گیا ہے ۔

انہوں نے تمام وکلاء سے کہا کہ اس فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں۔ اجلاس کے دوسرے حصہ میں ہاؤس نے انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی و دیگر حکام کی طرف سے گیڈر بھبھکیوں کے معاملہ پر بات کی جسمیں رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چوہدری محمد رمضان نے کہا کہ وزیر اعظم انڈیا کو ایسے بیانات دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے وہ اس سے پہلے بھی اس قسم کی حرکات کر چکے ہیں لیکن ان کو ہر دفعہ منہ کی کھانی پڑی ہے۔

ہم نے ارض پاک کے تحفظ کی قسم کھائی ہوئی ہے اور ہم اپنے وطن کی سر زمین کا تحفظ کرنا بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وزارت خارجہ کو بھی ایکشن لینا چاہیے کہ کسی کو ہمت نہ ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی پرزور الفاظ میں تعریف کی اور انکے بر وقت بیانات کو سراہا ۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر محمد مسعود چشتی نے ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی حکام کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی سر زمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اگر کوئی حملہ ہوا تو پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نے پہلے بھی مسلمانوں کی نسل کشی کی ہے جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہم اپنادفاع کرنا جانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے منہ توڑ جواب کی حمایت اور تعریف کرتے ہیں ۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کو فوری ایکشن لیتے ہوئے بیان جاری کرنا چاہیے اور کسی کو ہمت نہ ہو کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر محمد مسعود چشتی نے مندرجہ ذیل قرارداد ہاؤس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بھارتی وزیر اعظم نریند مودی کے بیانات کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور یو این او سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس کے بیانات کیخلاف فوری ایکشن لے۔ اجلاس کے بعد سانحہ ڈسکہ کے خلاف عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ممبران نے احتجاجی کیمپ میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔