رکن اسمبلی رانا شمشاد احمد خان کے مقدمہ قتل میں 4ملزمان گرفتار، 2کلاشنکوف‘ واردات میں استعمال ہونیوالی گاڑی برآمدکرلی گئی

ملزمان نوید اصغر ،شہباز احمد ، سیف اﷲ اور اویس طارق شامل ،باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں‘ سی پی او محمد وقاص نذیر

پیر 15 جون 2015 19:24

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) رکن صوبائی اسمبلی رانا شمشاد احمد خان کے مقدمہ قتل میں 4ملزمان گرفتارکرکے 2کلاشنکوف ‘ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمدکرلی گئی ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے اپنے آفس میں کیاان کاکہناتھا کہ ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کی زیر نگرانی ٹیم نے پیشہ و ارانہ مہارت اور سائنسی ٹیکنالوجی کی بدولت قتل کی سازش تیار کرنے اور موقع پر فائرنگ کر کے ایم پی ا ے رانا شمشاد احمد خان اور ان کے ہمراہیوں کو قتل کرنے والے چار کس ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

گرفتار کئے گئے ملزمان میں نوید اصغر سکنہ لکھنے کے قصور،شہباز احمد سکنہ جلیل ٹاؤن، سیف اﷲ سکنہ وڈالہ چیمہ وزیر آباد اور اویس طارق سکنہ لڑھکی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے جا بجا ریڈ کئے جا رہے ہیں۔گرفتارملزما ن نے دوران تفتیش اہم انکشافات کرتے ہوئے وقوعہ میں استعما ل ہونے والی 2کلاشنکوفیں اور گاڑی بھی برآمدکروائی ۔

دوران تفتیش ملزمان نے اہم ا نکشافات بھی کئے ۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ اہم مقدمہ قتل میں ملزمان کی بروقت گرفتاری پروزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور سماجی و سیاسی شخصیات نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر کو خراج تحسین پیش کیا ۔سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے ڈی ایس پی سی آئی اے اور ان کی ٹیم میں شامل سب انسپکٹرز ملک اصغر علی، ذوالفقار علی ججہ، علی اکبر، اے ایس آئی خلیل احمد، عباس صادق، ہیڈ کانسٹیبل سلطان احمداور کانسٹیبل ولی دادکو بہتر کارکردگی پر شاباش دی ہے۔

متعلقہ عنوان :