ڈینگی سے بچاؤ کا بہترین طریقہ صحت وصفائی کے بنیادی اصولوں کو اپنانا ہے،،سائرہ افضل تارڑ

پیر 15 جون 2015 20:28

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز اینڈ کوارڈنیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کا بہترین طریقہ صحت وصفائی کے بنیادی اصولوں کو اپناتے ہوئے اس موذی مرض کا سبب بننے والے مچھر کی پیدائش اور افزائش نسل کے امکان کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر ڈینگی کے سدباب کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اسی صورت کامیاب ہو سکتے ہیں جب ہم خود بھی اس مرض سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور عام الناس کو شعور اگاہی دیں تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے ۔

انہوں نے ان خیلات کا اظہار ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی واک کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم شاہین ،جی اے آر سعید احمد خان،ڈی ڈی او ایچ ڈاکٹر ریحان اظہر،ریسکیو 1122کے ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر شوکت علی،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر خالد محمود سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کے ٹھوس اقدامات کی بدولت اس مرض کا پھیلاؤروک دیا گیا ہے تاہم پھر بھی حفاظتی اقدامات کا سلسلہ ذمہ داری کے ساتھ جاری رہنا چاہیے ۔ای ڈی او ہیلتھ اور جی اے آر ،سیکریٹڑی ڈی آر ٹی اے نے میڈم سائرہ کو یقین دہانی کروائی کہ حکومتی ہدایات کے پیش نظرڈینگی کے موثر کنٹرول اور بچاؤ کے سلسلہ میں تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور عوام کو مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے شعور اور آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :