اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست پر وفاق ، الیکشن کمیشن ، وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا

پیر 15 جون 2015 21:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست پر وفاق ، الیکشن کمیشن ، وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم د یدیا۔ اسلام آباد کے چار شہریوں کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت پیر کو جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل مبین الدین قاضی نے فاضل عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا بل صرف قومی اسمبلی سے منظور ہوا جبکہ سینٹ میں یہ بل زیر التواء ہے۔ قومی اسمبلی سے بل پاس ہونے کے بعد حلقہ بندیاں کر دی گئی ہیں لہٰذا سینیٹ سے بل منظور ہونے تک اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزاروں کے وکیل کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے مذکورہ حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی ہے۔