رمضان المبار ک میں لوڈشیڈ نگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکتا ‘ 80فیصد علاقوں میں سحرو افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی‘ رواں ماہ کے آخر تک 1700میگاواٹ بجلی قومی گرڈ سسٹم میں شامل ہو جائے گی ‘ایل این جی سے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کر نے کیلئے 3پلانٹ لگائے جائیں گے ،وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کی پریس بریفنگ

پیر 15 جون 2015 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رمضان المبار ک میں لوڈشیڈ نگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکتا لیکن 80فیصد علاقوں میں سحرو افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی‘ رواں ماہ کے آخر تک 1700میگاواٹ بجلی قومی گرڈ سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے لوڈ شیڈنگ بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی‘ایل این جی سے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کر نے کیلئے 3پلانٹ لگائے جائیں گے ‘لیسکو کمپنی کے پاس 500سے زائد ٹرانسفارمرز اضافی موجود ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متاثرہ علاقوں میں لگا ئے جائیں گے ۔

وہ پیر کو لیسکو ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ گذشتہ 12سال کے دوران ٹرانسمیشن لائنوں کی دیکھ بھال پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے بجلی چوری اور لائن لاسسز میں اضافہ ہوا ہے ، موجودہ حکومت وعدہ کے مطابق مقررہ مدت میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان کی کاوشوں کی وجہ سے کمپنی کی ریکوری میں بہتری اور لائن لاسسز و بجلی چوری میں کمی واقع ہوئی ہے ۔

جس پر وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابدشیرعلی نے چیف ایگزیکٹولیسکوقیصرزمان کی کوششوں کو سراہا اورمزیدبہتری لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کوکہا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک 1700میگاواٹ بجلی قومی گرڈ سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے لوڈ شیڈنگ بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ لیسکو کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات ختم کرنے کے لیے نیا سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت بجلی صارف کو بل موصول ہونے سے تین دن قبل موبائل پر ایس ایم ایس موصول گا جس میں ان کی میٹر کی ریڈنگ کی تفصیل بھیجی جائے گی ۔

اس سسٹم کے تحت اووربلنگ کرنے والے کرپٹ میٹر ریڈرز کے خلاف کارروائی کرنے میں بھی مدد ملے گی اور بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک میں سحرو افطار کے وقت لیسکو سمیت دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہوں گی اور میں خود بھی نگرانی کروں گا تاکہ عوام کو مبارک مہینہ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ جو لوگ بل ادا نہیں کریں گے انہیں کسی بھی صورت بجلی فراہم نہیں کی جائے گی ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لیسکو کی ریکوری 97فیصد ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ لائن لاسسز کم ہو کر 12.5فیصدرہ گئے ہیں جن میں 1.5فیصد لاسسز ٹرانسمیشن لائنوں کی وجہ سے ہیں۔