حکومت ایک ٹیلی فون کال پر ڈھیر ہوگئی اور سیف دی چلڈرن پر پابندی ختم کردی ،سراج الحق

انٹرنیشنل این جی اوز پاکستان کی ثقافت اور تہذیب پر حملے کئے ہیں ، ہم این جی اوز کو ملک کیخلاف کام نہیں کرنے دینگے ،میڈیا سے گفتگو

پیر 15 جون 2015 22:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ایک ٹیلی فون کال پر ڈھیر ہوگئی اور سیف دی چلڈرن پر پابندی ختم کردی ، انٹرنیشنل این جی اوز پاکستان کی ثقافت اور تہذیب پر حملے کئے ہیں ، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام حکومت سے پوچھنا چاہتی ہے کہ این جی اوز پر پابندی کا فیصلہ کیوں کیا اور پھر فیصلہ واپس کیوں لیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ این جی اوز حساس ، قبائلی علاقوں اور بارڈرز پر کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیف دی چلڈرن حکومتی مفادات کیخلاف کام کررہی ہے اور اس کا مخصوص ایجنڈا ہے انہوں نے کہا کہ ہم این جی اوز کو ملک کیخلاف کام نہیں کرنے دینگے سراج الحق نے کہا کہ جو انٹرنیشنل این جی اوز ملک کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرے گی اس کو خوش آمدید کہیں گے انہوں نے کہا کہ این جی اوز نے انڈونشیا اور سوڈان جیسے ممالک کو تبدیل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش بنانے میں بھی این جی اوز کا اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ جواب دیں کہ انہوں نے دباؤ میں آکر اپنا فیصلہ واپس کیوں لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جب آپریشن شروع کیا جاتا ہے تو اس کو نامکمل چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی معاشی اور نظریاتی شہ رگ ہے اور کراچی کے تاجروں کا مطالبہ ہے کہ ان کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے دی جائے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مجرم کسی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے تو اس کو پکڑا جائے اور اس کا محاسبہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ تمام لاپتہ افراد کو عدالتوں میں طلب کیاجائے اور اور قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں

متعلقہ عنوان :