تعلیم ،صحت اور ذرائع مواصلات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں ، راولپنڈی میں پاکستان میٹر و بس کے عظیم منصوبے کی تکمیل کے بعد صحت کی سہولیا ت کی فراہمی پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ،جن سے مریضوں کو علاج معالجے کی سٹیٹ آف آرٹ سہولیا ت فراہم ہورہی ہیں

چیئرمین پاکستان میٹر وبس حنیف عباسی کابے نظیر بھٹو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 15 جون 2015 22:39

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) چیئرمین پاکستان میٹر وبس سروس محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم ،صحت اور ذرائع مواصلات کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی اولین ترجیحات ہیں اور راولپنڈی میں پاکستان میٹر و بس کے عظیم منصوبے کی تکمیل کے بعد صحت کی سہولیا ت کی فراہمی پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔جن سے مریضوں کو علاج معالجے کی سٹیٹ آف آرٹ سہولیا ت فراہم ہورہی ہیں ۔

انہوں نے یہ بات بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ایمرجنسی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں کمشنر راولپنڈی زاہد سعید ، چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ راولپنڈی میڈیکل کا لج و الائیڈ ہاسپٹلز ڈاکٹر محمد اسلم ، بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران ، رکن پنجاب اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماؤں راحت قدوسی ، ضیا اﷲ شاہ ، ایم یس ڈاکٹر آصف قادر میر ، پروفیسر فرید منہاس ، پروفیسر رائے محمد اصغر ،پروفیسر مشتاق ، ڈاکٹر راجہ مہدی حسن ، ڈاکٹر شاہین ، ڈاکٹر عبدالقدوس دیگر ڈاکٹروں اور عملے کے اراکین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہسپتال میں 9 کروڑ روپے کی لاگت سے نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا گیا ہے جس میں ایمر جنسی کی حالت میں لائے جانے والے مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات حاصل ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ8.8 ملین روپے کی لاگت سے بے نظیر بھٹو ہسپتال کا اندرونی احاطہ اور سڑکیں بھی پختہ کی جائیں گی۔اس کے علاوہ ہسپتال میں سٹی سکین ایکسرے لتھو ٹریسی ، وینٹی لیٹر اور ڈئیلائسس مشینیں فراہم کی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں چلڈرن اور گائینی ڈیپارٹمنٹس پر بھی توجہ دی جائے گی اور دیگر ہسپتالوں میں بھی جدید طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔کمشنر راولپنڈی نے تقریب سے خطاب کے دوران میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل میں تاجروں میڈیکل سٹاف اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہسپتال کی ایمرجنسی کا ایک حصہ میٹرو بس پراجیکٹ کی زد میں آنے پر محمد حنیف عباسی کی کاوشوں سے نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا گیا ہے اسی طرح میٹرو بس کی بچت سے کئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں ۔

انہوں نے طبی اور سماجی بہبود کے کاموں میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ڈاکٹر اسلم اور بورڈ ممبران کے جذنے اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ پروفیسر محمد عمر کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے ہر مشکل گھڑی میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ڈاکٹر اسلم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے کروڑوں روپے کے فنڈز کی فراہمی کے علاوہ بورڈ ممبران اور مخیر حضرات کے تعاون سے راولپندی کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں متعدد فلاحی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور ماہ صیام کے بعد ایک گالاڈنر میں مزید مالی عطیات جمع کئے جائیں گے۔

پروفیسر محمد عمر نے اجتماعی کوششوں سے راولپنڈی کے ہسپتالوں کی کارکردگی کے بارے میں عوامی رائے بدل دی ہے اور سیاسی قیادت اور انتظامیہ کی کاوشوں سے طبی منصوبوں کے لئے ریکارڈ فنڈز منظور کئے گئے ہیں ۔ایم ایس بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال ڈاکٹر آصف قادر میر نے کہا کہ اعلی سطح پر بھر پور رہنمائی اور توجہ سے ہسپتال میں ایسے لا تعداد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن سے نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے تیمارداروں اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی خاطر خواہ سہولیات میسر آ رہی ہیں بعد ازاں انہوں نے ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا۔