اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی رمضان کے دوران یمن میں جنگ بندی کی اپیل

پیر 15 جون 2015 23:06

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے رمضان المبارک میں انسانی بنیادوں پر یمن میں جنگ بندی کی اپیلکردی۔عالمی میڈیا کے مطابق بان کی مون نے یمن میں رمضان المبارک کے آغاز سے قبل فوری طور پر دوہفتے کے لیے جنگ بندی پر زوردیا ہے تاکہ جنگ سے متاثرہ یمنیوں کو انسانی امداد بہم پہنچائی جا سکے۔

انھوں نے یہ بات جنیوا میں یمنی فریقوں کے درمیان امن بات چیت کے آغاز کے موقع پر کہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دو روز کے بعد رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے اور یہ ہم آہنگی ،امن اور مصالحت کا عرصہ ہونا چاہیے۔جنیوا میں اقوام متحدہ کی نگرانی اور ثالثی میں اتوار کو یمن امن مذاکرات شروع ہونا تھے لیکن عالمی ادارے نے اس میں ایک دن کی تاخیر کی ہے اور یہ آج شروع ہوئے ہیں۔

ریاض میں جلاوطن یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا وفد ہفتے کے روز جنیوا پہنچا تھا جبکہ حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداﷲ صالح کی جماعت کے دو ، دو ارکان آج کسی وقت جنیوا پہنچنے والے تھے۔واضح رہے کہ امن مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے یمنی صدر منصور ہادی اور باغی جماعتوں کے نمائندگان بھی جنیوا میں موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :