پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کے شاندار فضائی مظاہرے کے ساتھ پیر س ائیر شو 2015-کا افتتاح ، پاکستان کو جے ایف 17تھنڈر کا پہلا آرڈربھی مل گیا، طیارے کی فروخت کے پہلے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں جس کے تحت 2017 میں یہ طیارے فراہم کئے جائیں گے، پاک فضائیہ کے سیلز اینڈ مارکیٹنگ آفیسر ایئرکموڈور خالد محمود

منگل 16 جون 2015 00:07

پیرس/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جون۔2015ء) شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد کی موجودگی میں 51ویں پیر س انٹر نیشنل ائیر شو کی افتتاحی تقریب کا انعقادہوا جس میں پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے اپنی افتتاحی فضائی کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ تھنڈر جو کہ چین اور پاکستان کی مشترکہ پیدا وار ہے نے مسحور کن فضائی مظاہرہ کیا جس میں غیر معمولی کرتب دکھائے جن میں muscle climb, thunder turns, slow speed performance and inverted flightشامل ہیں ۔

پاک فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر عثمان نے اپنی کارکردگی سے تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو پر جوش شائقین نے تالیاں بجا کر داد دی ۔ فضائی مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایک JF-17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا رہا جس میں خریداروں اور شائیقین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے بعد پاک فضائیہ اور چائنہ ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (AVIC)نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی ۔

اس موقع پر AVIC کے نائب صدر جناب لی یو ہائی نے میڈیا کو بتایا JF-17طیارے کی فارنبرو ائیرشو ، ژوہائی ائیر شو ، اور دبئی ائیر شو میں کامیاب نمائش کے بعد تین JF-17طیاروں نے پیرس ائیر شو میں حصہ لیا یہ AVICاور پاک فضائیہ کی JF-17طیارے کو عالمی مارکیٹ میں لانچ کرنے کی مشترکہ کاوش ہے۔JF-17 طیارہ پہلے ہی عالمی دفاعی مارکیٹ میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

بعد ازاں CATICکے صدر جناب یانگ ینگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایک تھرڈ جنریشن لڑاکا طیارہ کے طور پر جو کہ شاندار پروازکی صلاحیت ، طاقتور آپریشنل کارکردگی اور بہترین لاجسٹک سسٹم کے ساتھ JF-17تھنڈرعالمی مارکیٹ میں ایک اعلیٰ مقام کا حامل ہے۔ JF-17طیارہ سیکنڈ جنریشن لڑاکا طیاروں کا بہترین متبادل ہو سکتا ہے،ایسے تمام ممالک جو کہ سیکنڈ جنریشن لڑاکا طیارے استعمال کرتے ہیں اور وہ انکی فضائی افواج میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

وہ ممالک JF-17طیارے کے بہترین خریدار ثابت ہو سکتے ہیں۔مارکیٹ کا موجودہ ردعمل ہماری توقعات کے مطابق ہے۔ ایک طرف پہلے ہی کئی خریدار اس طیارے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ دوسری طرف پاک چین کی مشترکہ سیلز اور مارکیٹنگ ٹیم خریداروں کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر ائیر وائس مارشل ارشد ملک ، چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر JF-17پراجیکٹ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کم وزن اور ہمہ جہت خصوصیات کا حامل جے ایف17 کرتب دیکھانے میں دوسرے تمام ہمعصر طیاروں سے زیادہ پھرتیلا ہے۔

جے ایف17 کی طاقت اس کی جدید ایرودائنامکس اور ایوینکس میں ہے جو کہ آج فضائی کرتب کے دوران نظر آئے گی۔ اس کے کمپیوٹر کنٹرول سسٹم کی وجہ سے اس میں فالٹ پکڑنا اور درست کرنا بہت آسان ہے۔ اس میں کوئی سک نہیں ہمارے ائیرمن اس پر کام کرنے میں بہت آسانی محسوس کرتے ہیں۔JF-17 طیارے کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ کٹنگ ایج ٹیکنالوجی کا حامل ہے اور بہت مناسب قیمت کا ہے۔

آخر میں انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا مستقبل بہت تابناک ہے اور یہ صرف اس وجہ سے کامیاب ہو رہا ہے کیونکہ پاک فضائیہ اور چینی ٹیم اس پر بہت سخت محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے چینی پارٹنرزAVIC اور CATIC کے سپورٹ پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق پیرس ایئرشو کے دوران پاکستانی طیاروں کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کو ہاتھوں ہاتھ لینے کے لیے پہلا معاہدہ طے پاگیا۔

پیرس ایئرشو کے دوران پاکستان میں تیار کردہ لڑاکا طیارے جے ایف 17 نے شاندار جوہر دکھائے جس کے بعد اس کی فروخت کا پہلا غیر ملکی آرڈر بھی مل گیا ہے اور اس سلسلے میں پاک فضائیہ کے سیلز اینڈ مارکیٹنگ آفیسر ایئرکموڈور خالد محمود کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 طیارے کی فروخت کے پہلے معاہدہ پر دستخط ہوچکے ہیں جس کے تحت 2017 میں یہ طیارے فراہم کئے جائیں گے۔

خالد محمود نے معاہدہ طے کرنے والے ملک کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے ایشیائی ملک سے معاہدے کی تصدیق کی۔ائیرکموڈور خالد محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والے جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے آرڈر حاصل کرنے کے لئے پیرس ایئرشو اچھا مقام ہے جہاں فرنچ ممالک کو اس کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے جب کہ دیگر 11 ممالک نے پاکستانی لڑاکا طیارے حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

متعلقہ عنوان :