حکومت بجٹ کا سات فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کرے،لطیف عباسی

منگل 16 جون 2015 11:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) آزادکشمیر سکولز آفیسرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماء محمد لطیف عباسی نے کہا ہے کہ نظام تعلیم،سکول آفیسرز اور اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے منظم،مربوط اور مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔حکومت تعلیمی ترقی کے دعوؤں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بجٹ کا کم از کم سات فیصد حصہ تعلیم کے لئے مختص کرے۔

سکولز آفیسرز ایسوسی ایشن کی قیادت کی طرف سے انتخابات کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسالہ میں سکولز آفیسرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سکولز آفیسرز اپنے دائرہ کار میں تعلیم کی ترقی کے اداروں کی کارکردگی بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت ہرسطح پر میرٹ کی بالادستی اور قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلے کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سکولز آفیسرز کے تبادلوں اور تعیناتی میں اپنی ہی طے کردہ تبادلہ پالیسی پر عمل کرے تاکہ سکول آفیسرز اور دیگر اساتذہ کو انصاف کے حصول کے لئے عدالتوں تک نہ جانا پڑے۔آفیسرز کی بروقت اور تیز رفتار ترقیابی کے تبدیل شدہ چار درجاتی فارمولے کا نفاذ آزادکشمیر میں کرتے ہوئے سکول آفیسر کی ترقیابی کے کیسز جلد یکسو کیئے جائیں اور مردانہ وزنانہ آفیسرز کی سنیارٹی فہرستیں بلاتاخیر جاری کی جائیں تاکہ سکول آفیسرز پنجاب اور دیگر صوبوں کی طرح بروقت ترقیاں حاصل کرسکیں۔اجلاس سے راجا محمد سفیر خان،محمد رحم قریشی ،محمد ریاض اعوان اور زاہد محمود نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :