ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے وینیوز پر آئی سی سی اور بھارت میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا

منگل 16 جون 2015 12:49

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے وینیوز پر آئی سی سی اور بھارت میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) ورلڈ ٹونٹی 20 کے وینیوز پر آئی سی سی اور بھارت میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا، کونسل میچز پانچ جبکہ بی سی سی آئی 8 اسٹیڈیمز میں منعقد کرنا چاہتی ہے،چیئرمین گورننگ باڈی این سری نواسن کے شہر چنئی کو بھی میزبانوں کی فہرست سے آؤٹکیے جانے کا امکان ہے، حتمی فیصلہ آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی میزبانی آئندہ رس بھارت کرے گا۔

گذشتہ روز ممبئی میں اسی حوالے سے بی سی سی آئی اور آئی سی سی آفیشلز کے درمیان میٹنگ ہوئی۔ بھارتی بورڈ کی جانب سے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر، سندر رامن، رتناکر شیٹھی، سری دھر، آر پی شاہ، امرت ماتھر اور ہیمنگ ایمن شریک ہوئے، آئی سی سی کی ٹیم میں کیمبیل جیمی سان، کرس ٹیٹلی اور دھراج ملہوترا شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس میں ایونٹ کے ممکنہ میزبان وینیوز پر غور کیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے ایونٹ پانچ شہروں تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی جبکہ بھارتی بورڈ کا اصرار تھا کہ میچز 8 شہروں میں ہونے چاہئیں۔ اجلاس میں چنئی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم کا معاملہ بھی زیر غور آیا، آئی سی سی ٹیم اس وینیو کو میزبانی دینے کے حق میں نہیں کیونکہ اس کے تین اسٹینڈز کو سٹی کارپوریشن نے گذشتہ تین برس سے سیل کیا ہوا ہے،کونسل نہیں چاہتی کہ یہ مقابلے خالی اسٹینڈز کے سامنے کھیلے جائیں،تامل ناڈوکرکٹ ایسوسی ایشن کی کوشش ہے کہ اسے بھی میزبانوں میں شامل کرلیا جائے، یہ وہی ایسوسی ایشن ہے جس کے سری نواسن اب بھی صدر اور ساتھ میں آئی سی سی کے چیئرمین کا عہدہ بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :