ایسٹونیا فٹبال ٹورنامنٹ میں انفونیٹ کی ٹیم نے مخالف کیخلاف 3درجن گول کر ڈالے

منگل 16 جون 2015 13:57

ایسٹونیا فٹبال ٹورنامنٹ میں انفونیٹ کی ٹیم نے مخالف کیخلاف 3درجن گول ..

طالن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16جون۔2015ء) فٹ بال کے میدانوں میں گولوں کی بوچھاڑ ہونا تو بہت مرتبہ دیکھا گیا ہے تاہم افریقی ملک ایسٹونیا میں جاری ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ایف سی انفونیٹ کی ٹیم نے ورٹسو جارگپالیکوبی کیخلاف 3درجن گولز سے کامیابی اپنے نام کر لی،ورٹسو کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔ تفصیلات کے مطابق ایسٹونیا کے دارلحکومت طالن سے تعلق رکھنے والے فٹبال کلب انفونیٹ کو 500افراد پر مشتمل چھوٹے سے قصبے کی ٹیم ورٹسو کے خلاف ہاف ٹائم کے موقع پر 13-0کی سبقت حاصل تھی جب ورٹسو کی ٹیم نے میچ ختم کر نے سے انکار کر دیا جس کے بعد 83تماشائیوں کے سامنے انفونیٹ کی ٹیم نے 47منٹ کے دوران ان پر مزید 23گولوں کا خسارہ اور ڈال دیا۔

میچ میں ایسٹونیا کی انڈر 21ٹیم کے دفاعی کھلاڑی ٹریور ایلہی نے 10مرتبہ گیند کو ورٹسو کے جال میں پہنچایا،یاد رہے کہ ایسٹونیا میں جاری اس ٹورنامنٹ میں اس سے پہلے کوریسارے کی ٹیم لوکوموٹیو کیخلاف 20-0اور ٹرانس ناروا کی ٹیم کاساکد کیخلاف 14-0سے کامیابی حاصل کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

انفونیٹ نے 36-0کی اس کامیابی سے برطانیہ کا 1885ء میں بنایا گیا ریکارڈ برابر کیا ہے جب سکاٹش کپ کے ایک میچ میں ایربروتھ کی ٹیم نے بون ایکارڈ کیخلاف اسی مارجن سے کامیابی سمیٹی تھی۔

فٹ با ل میں ایک میچ میں زیادہ سے زیادہ گولز کا عالمی ریکارڈ اے ایس ایڈیما کے پاس ہے جس سے2002 ء میں مڈغاسکر لیگ کے ایک میچ میں سٹیڈ اولیمپیکو کی ٹیم کو 0کے مقابلے میں 149گولز سے مات دی تھی،میچ کی خاص بات یہ تھی کہ سٹیڈ اولیمپیکو کی ٹیم احتجاج کے طور پر خو د اپنے جال میں گیند ڈالتی رہی تھی۔

متعلقہ عنوان :