پاکستانی ڈرامہ سیریل ”مراة العروس“ کے ماڈرن مزاحیہ وریژن”اکبری اصغری“ بھارتی چینل ”زندگی“ پر نشر کیا جائیگا

بدھ 17 جون 2015 14:01

پاکستانی ڈرامہ سیریل ”مراة العروس“ کے ماڈرن مزاحیہ وریژن”اکبری اصغری“ ..

کراچی/ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جون۔2015ء)پاکستانی اداکار اور لاکھوں دلوں کی دھڑکن فواد خان ایک مرتبہ پھر ہندوستانی ٹی وی کی زینت بننے جارہے ہیں، لیکن اس مرتبہ وہ سنجیدہ یا رومانوی کے بجائے ایک لاابالی نوجوان کے کردار میں نظر آئیں گے۔انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی ڈرامہ سیریل 'مرا العروس' کے ماڈرن مزاحیہ ورڑن 'اکبری اصغری' کو ہندوستان کے چینل 'زندگی' پر نشر کیا جارہا ہے، تاہم ڈرامے کا نام 'آجا سجنا ملیے جلیے' رکھا گیا ہے۔

یہ ڈرامہ کامیڈی، رومانس اور ہلکے پھلکے مزاح کا حسین امتزاج ہے۔فواد خان کے ڈرامے 'زندگی گلزار ہے'، 'ہم سفر' اور 'وقت نے کیا،کیا حسین ستم' (داستان) تو ہندوستان میں ٹی وی شائقین کے دل جیت ہی چکے ہیں اور اب وہ اصغر کے کردار میں ٹی وی اسکرینوں پر نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

اصغر اگرچہ ایک ذہین نوجوان ہے، لیکن اس کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں، اس کا پسندیدہ مشغلہ لڑکیوں کے پیچھے بھاگنا ہے، جبکہ اس کے والدین اور گھر والے اسے ایک بے کار انسان سمجھتے ہیں۔

اس لاابالی نوجوان کو کامیابی کے لیے شارٹ کٹ کی ضرورت ہے اور وہ اس مقصد کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتا ہے، وہ ایک ایسی امیر لڑکی سے شادی کا خواہشمند ہے جو اسے اس کے پسماندہ گاوٴں سے نکالنے مدد میں دے سکے۔'مرا العروس' اردو زبان کا پہلا ناول ہے۔ جسے مولوی نذیر احمد نے تخلیق کیا اور 1869 میں اسے شائع کیا گیا۔ناول پر مبنی ایک ڈرامہ اسی نام سے پاکستان ٹیلی ویڑن کارپوریشن (پی ٹی وی) پر نشر کیا گیا جبکہ 2011 میں ہم ٹی وی نیٹ ورک پر اس کا ماڈرن کامیڈی ورڑن 'اکبری اصغری' کے نام سے پیش کیا گیا۔اس ڈرامے میں فواد خان نے اصغر، حمائمہ ملک نے اصغری، صنم بلوچ نے اکبری جبکہ عمران عباس نے اکبر کا کردار ادا کیا۔