کیریبین لیگ :بارباڈوس نے گیانا کو 49 رنز سے شکست دیدی

پیر 22 جون 2015 11:49

کیریبین لیگ :بارباڈوس نے گیانا کو 49 رنز سے شکست دیدی

برج ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22جون۔2015ء) کیریبین پریمیئر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں بارباڈوس ٹریڈنٹس نے گیانا ایمازون واریئرز کو 49رنز سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ۔ کیرون پولارڈ کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر نے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا ۔ بارباڈوس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر 158 رنز بنائے۔

کپتان کیرون پولارڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی ۔

(جاری ہے)

پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک 39 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے ۔ جوناتھن کارٹر25 اور ڈوین سمتھ 13 رنز بنا کر میدان سے کوچ کرگئے ۔ نوین سٹیورٹ13رنز بنا کر ناقابل شکست پویلین لوٹے ۔ سنیل نارائن نے دووکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں گیانا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 18 اوورز میں 109 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بریڈہوج 26 رنز کے ساتھ نمایاں پلیئررہے ۔ تلکرتنے دلشان24، ویر سیمی پرمال14 اور اسد فد ا دین 12 رنز بنا سکے ۔سات کھلاڑیوں کو ڈبل فیگر میں داخلے کی اجازت بھی نہ مل سکی۔ روی رامپال اور روبن پیٹرسن نے تین، تین، کیرون پولارڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیسن ہولڈر کے ہاتھ ایک وکٹ لگی ۔