امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوپروفیسر محمد ابراہیم خان کا بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج کے التواء پراظہار تشویش

پیر 22 جون 2015 21:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوپروفیسر محمد ابراہیم خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج کے غیر معمولی التواء پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے فوری اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد نئے چیف الیکشن کمشنر سردار احمد رضا خان کے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

۳۰ مئی کو ہونے والے انتخابات بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور کوتاہیوں کے سبب متنازعہ بن چکے ہیں اور اب اعلان میں غیر معمولی التواء نے اس کو مزید مشکوک بنا دیا ہے۔یہ جمہوری روایات اور نظام کے خلاف ایک سازش ہے۔جس سے عوام کا اعتماد جمہوری نظام پر متزلزل ہو سکتا ہے ۔انہوں نے PK95 دیر پائین کے ضمنی انتخابات کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے پر بھی احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبائی حلقہ کے ووٹروں کو اپنے مینڈیٹ سے محروم رکھنا کس طرح سے ملک و قوم کے مفاد میں بہتر ہو سکتا ہے ۔