طاہر القادری تقریباً چار ماہ بعد کل برطانیہ سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گے ، استقبال اور سکیورٹی کی تیاریاں مکمل

پنجاب حکومت کا فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان ،عوامی تحریک نے حکومت سے سکیورٹی لینے سے انکار کر دیا پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں ،قریب بھی نہیں آنے دینگے ، طاہر القادری ائیر پورٹ سے کارکنوں کے جلوس میں ماڈل ٹاؤن پہنچیں گے ‘ ترجمان ن

اتوار 28 جون 2015 13:32

طاہر القادری تقریباً چار ماہ بعد کل برطانیہ سے براستہ دبئی وطن واپس ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری تقریباً چار ماہ بعد کل ( پیر) برطانیہ سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گے ، عوامی تحریک نے استقبال سمیت اپنے طور پر سکیورٹی کی تیاریاں مکمل کرلیں ، ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ،ڈاکٹر طاہر القادری کارکنوں کے جلوس میں مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ائیر پورٹ سے ماڈل ٹاؤن پہنچیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے آج بروز پیر صبح سات بجے برطانیہ سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گے۔ ائیر پورٹ پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنمااور کارکن ان کا پرتپاک استقبال کریں گے جبکہ ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں کی بھی ائیر پورٹ آمد متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان حفیظ چوہدری نے ڈاکٹر طاہر القادری کے روٹ کے حوالے سے بتایا کہ عوامی تحریک کے سربراہ کارکنوں کے جلوس کے ہمراہ ائیر پورٹ سے بھٹہ چوک ،غازی روڈ،چونگی امر سدھو،کوٹ لکھپت،اکبر چوک سے ہوتے ہوئے ادارہ منہاج القرآن پہنچیں گے ۔

عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ پنجاب حکومت سے کسی بھی طرح کی سکیورٹی نہیں مانگی گئی ،پنجاب پولیس پر اعتبار نہیں اور اسے قریب بھی نہیں آنے دیں گے ،اپنے طو ر پرسکیورٹی انتظامات کر لئے ہیں۔ ڈی سی او کو صرف عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے روٹس بارے پیشگی آگاہ اور انہیں کلیئر کرانے کی درخواست دی ہے اور اس میں کہیں بھی سکیورٹی کا ذکر نہیں۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے ڈاکٹر طاہر القادری کو وطن واپسی پر مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کااعلان کیا ہے ۔