پاکستان میں کاٹن ایئر2015-16کا باضابطہ آغازہوگیا ،سندھ کے مختلف ساحلی شہروں میں پھٹی کی قبل از وقت چنائی شروع

نئی پھٹی کی قیمت2ہزار500روپے تک ہے نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی کی قیمت4ہزار 900سے 5ہزار روپے فی من تک ہے احسان الحق

اتوار 28 جون 2015 15:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) پاکستان میں کاٹن ایئر2015-16کا باضابطہ آغازہوگیا ہے،سندھ کے مختلف ساحلی شہروں میں پھٹی کی قبل از وقت چنائی شروع ہونے سے سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں کاٹن جننگ فیکٹریاں بھی آپریشنل ہونا شروع ہو گئی ہیں۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال فروری /مارچ میں پاکستان کے بیشتر کاٹن زونز میں نامناسب موسمی حالات کے باعث کپاس کی کاشت متاثر ہونے سے توقع ظاہر کیا جا رہی تھی کہ رواں سال پاکستان میں پھٹی کی چنائی جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہو گی مگر پچھلے کچھ عرصے کے دوران سندھ کے ساحلی شہروں ٹھٹھہ،بدین،سجاول،گولارچی،میر پور ساکرواور گھارو جبکہ بلوچستان کے ساحلی شہر حب میں درجہ حرارت میں ہونے والے غیر معمولی اضافے کے باعث پھٹی کی چنائی کا آغاز تقریبا تقریبا دوہفتے قبل ہونے سے کاٹن جننگ سیزن کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس وقت سندھ میں9جبکہ پنجاب میں3جننگ فیکٹریاں آپریشنل ہو چکی ہیں جبکہ معلوم ہوا کہ نئی پھٹی کی آمد فی الحال محدود ہونے کے باعث کوئی بھی جننگ فیکٹری مکمل طور پر آپریشنل نئی ہو سکی جبکہ بعض جننگ فیکٹریوں میں پچھلے سال کی پھٹی بھی نئی پھٹی میں شامل کر کے جننگ کر نے کی اطلاعات ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ نئی پھٹی کی قیمت2ہزار 300روپے فی چالیس کلو گرام سے2ہزار500روپے تک ہے جبکہ نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی کی قیمت4ہزار 900سے 5ہزار روپے فی من تک ہے تاہم پاکستان میں روئی اور پھٹی قیمتوں میں تیزی یا مندی کا واضح رجحان عید الفطر کی تعطیلات کے بعد ہی متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :