پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور خیبرٹو کامیابی سے جاری

سیکیورٹی فورسز کی جیٹ طیاروں سے بمباری ،غیر ملکیوں سمیت 23دہشت گرد ہلاک، اسلحے کا بڑا ذخیرہ تباہ کر دیاگیا، آئی ایس پی آر

اتوار 28 جون 2015 16:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور خیبرٹو کامیابی سے جاری ہے، خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے نتیجے میں غیر ملکیوں سمیت 23دہشت گرد مارے گئے، کارروائی میں اسلحے کا بڑا ذخیرہ تباہ کر دیا گیا۔ اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور خیبر ٹو اپنے پلان کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی فورسز نے خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب جیٹ طیاروں سے بمباری کی، جس کے نتیجے میں غیر ملکیوں سمیت 23 دہشت گرد مارے گئے ، سیکیورٹی فورسز کی خیبر ایجنسی میں کارروائی کے نتیجے میں اسلحے کا بھاری ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ آپریشن ضرب عضب 15 جون 2014ء کو شروع کیا گیا تھا، جس کو ایک سال سے زائد عرصہ مکمل ہو چکا ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں اب تک غیر ملکیوں اور اہم کمانڈروں سمیت 2800سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا جا چکا ہے