جنرل ہسپتال ڈی بی ایس سے آپریشن کرنے والا ملک کا پہلا مرکز بن گیا

جدید طریقہ علاج کے ذر یعے پاکستان میں مڈل ایسٹ ، سعودیہ سے زیادہ پارکنسنز کے آپریشن کئے جا رہے ہیں‘ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود

اتوار 28 جون 2015 16:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) بیرون ملک سے رعشہ اور پٹھوں کے کھچاؤ کی بیماری پارکنسن کا علاج کرواکے آنے والوں کی پاکستان میں پروگرامنگ کا کام جنرل ہسپتال میں شروع ہو گیا جس کے باعث اب انہیں مستقبل میں ہر تین سے چار ماہ بعد بیرون ملک نہیں جانا پڑے گااور نہ ہی انہیں خطیر رقم خرچ کرنا پڑے گی ۔ممتاز نیوروسرجن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دنے اخبار نویسوں سے گفتگو میں بتا یا کہ جنرل ہسپتال میں پہلی بار چند ماہ قبل ڈی بی ایس کے ذریعے دماغ کے اندر توانائی پہنچا کر رعشہ اور پٹھوں کی بیماری میں مبتلا مریضوں کے آپریشن کئے گئے جو کامیاب رہے۔

حال ہی میں کراچی، اسلام آبادسمیت جنوبی پنجاب سے وابستہ مزید رعشہ کے 9 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن کے آپریشن عید الفطر سے قبل مکمل کر لئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک آپریشن پر کم و بیش7سے9گھنٹے لگیں گے۔ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو د نے بتا یا کہ ڈی بی ایس کے ذریعے پاکستان میں مڈل ایسٹ ، سعودیہ سے زیادہ پارکنسنز کے آپریشن کئے جا رہے ہیں تاہم ایسے مریض جنہوں نے یہ آپریشن ماضی میں بیرون ملک سے کروایا۔ انہیں ہر 3سے4ماہ بعد اس کی پروگرامنگ کے بیرون ملک جانا پڑتا تھا اوراس پر بھی ایک خطیر رقم خرچ ہوتی تھی تاہم اب پروگرامنگ کا کام بھی ہم نے جنرل ہسپتال میں شروع کر دیا ہے۔ جس کے باعث اب پاکستانیوں کو بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :