غلام مصطفی پر قاتلانہ حملہ اور مولانا عبدالعزیز کے داماد کا ماورائے قانون اغوا افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،حکمران علماء کرام اور مذہبی کارکنوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں ،اسلام آباد راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذکرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،لوگوں کو ماورائے عدالت اغواء کرنے کی روش ترک کی جائے ،اگر کسی پر کوئی الزام اور کسی کے خلاف کوئی ثبوت ہو تو اس کو عدالتوں میں پیش کیا جائے ،ماورائے عدالت اقدامات افسوسناک ہیں

وفاق المدار س العربیہ کے رہنماوٴں مولانا محمد حنیف جالندھری ،مولانا قاضی عبدالرشید اور مولانا ظہور احمد علوی کابیان

اتوار 28 جون 2015 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) وفاق المدار س العربیہ کے رہنماوٴں مولانا محمد حنیف جالندھری ،مولانا قاضی عبدالرشید اور مولانا ظہور احمد علوی نے کہا کہ اہلسنت والجماعت کے رہنماء حاجی غلام مصطفی پر قاتلانہ حملہ اور مولانا عبدالعزیز کے داماد کا ماورائے قانون اغواء افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،حکمران علماء کرام اور مذہبی کارکنوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں ،اسلام آباد راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذکرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،لوگوں کو ماورائے عدالت اغواء کرنے کی روش ترک کی جائے ،اگر کسی پر کوئی الزام اور کسی کے خلاف کوئی ثبوت ہو تو اس کو عدالتوں میں پیش کیا جائے ،ماورائے عدالت اقدامات افسوسناک ہیں۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا کہ اسلام آباد میں اہلسنت والجماعت کے رہنماء حاجی غلام مصطفی ٰ بلوچ پر قاتلانہ حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران مذہبی کارکنوں اور علماء کرام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں اور خاص طور پر اسلام آباد راولپنڈی میں علماء کرام کی بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کا بندوبست کریں ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اسلام آباد راولپنڈی میں ٹارگٹ کلنگ کی پے درپے وارداتوں کوقانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ قراردیا ۔دریں اثنا ء وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مولانا عبدالعزیز خطیب لال مسجد کے داماد سلمان غازی کو لاہور سے ماورائے عدالت اغواء کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے خلاف کوئی الزام یا ثبوت ہے تو اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے لیکن ماورائے آئین اور ماورائے قانون اٹھائے جانے والے اقدامات قابل مذمت اور اشتعال انگیزہیں ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے سلمان غازی کے اغواء کومولانا عبدالعزیز کے خلاف انتقامی کارروائی قراردیا اور کہا کہ جب مولانا عبدالعزیز ایک عرصے سے تعلیمی اور تبلیغی مشاغل میں مصروف عمل ہیں تو انہیں بلاوجہ پریشان کرنے اور ان کے خاندان اور متعلقین کو ہراساں کرنے سے گریز کیا جائے ۔