ایم کیو ایم پر الزامات سنجیدہ اور سنگین نوعیت کے ہیں اس سلسلہ میں پاکستان نے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا ہے، ثبوت ملے تو قانونی کاروائی ہو گی،کراچی میں گرمی سے اموات پر ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہئے گزشتہ پچاس سالوں میں اتنی گرمی نہیں پڑی،2017-18 تک توانائی کے بحران پر قابو پا لیں گے،وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کی مستحقین میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

اتوار 28 جون 2015 21:15

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جون۔2015ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر الزامات سنجیدہ اور سنگین نوعیت کے ہیں اس سلسلہ میں پاکستان نے برطانیہ کی حکومت سے رابطہ کیا ہے ثبوت ملے تو قانونی کاروائی ہو گی۔ وہ اتوار کو یہاں مستحقین میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

احسن اقبال نے کہاایم کیو ایم پر الزامات صرف ایک میڈیا رپورٹ ہے اگر ان میں کوئی صداقت ہوئی یا ثبوت ملے تو قانونی کاروائی ہو گی مگر جب تک قانونی تقاضے نہیں پورے کئے جاتے اورجب تک ہمیں سرکاری معلومات نہیں ملتیں ہمیں احتیاط کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ اس وقت ایم کیو ایم کے 24ارکان پارلیمنٹ میں موجود ہیں اس کا ایک پہلو سیاسی بھی ہے اس سلسلہ میں پاکستان نے برطانیہ کی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پچاس سالوں میں اتنی گرمی نہیں آئی رمضان بھی ہے اور پانی کی قلت بھی کراچی کی اموات پر بلا شبہ ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔دو سال قبل ہمیں پاکستان بہت برے حالات میں ملا2017.18تک توانائی کے بحران پر قابو پا لیں گے اس لئے ہمیں ہر کام کو محنت اورلگن سے کرنا چاہئے تاکہ ہمارا ملک خوشحالی کی طرف گامزن رہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ رمضان برکتوں ،رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے اللہ ربا العزت نے ہمارے لیئے ہر ایک نیکی کا بدلہ رکھا ہے مگر رمضان کے روزے کا ثواب اللہ نے کہا ہے کہ اس کا اجر میں دوں گا لہذا ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادات کرنی چاہیئے اور جھوٹ،چغلی ،بہتان سے پرہیز کرنا چاہئے اور اپنے روزے کی حفاظت کر ے ساتھ ہمیں اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد،لاہور ،کراچی ،کوئٹہ اور نارووال سے رواں ماہ میں پورے پاکستان میں 93ایف ایم ریڈیو کا آغاز 24گھنٹے کر رہاہے جس میں قرآن اور اس کا ترجمہ بھی نشر کیا جائے گا تاکہ ہمارے لئے برکتیں اور رحمتیں نازل ہو سکیں کیو نکہ اب من سلوٰی نہیں آئے گا انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جس سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔