للت مودی نے پلیئرز کی کرپشن سے آگاہ کیا تھا‘ آئی سی سی کا اعتراف

اتوار 28 جون 2015 21:49

للت مودی نے پلیئرز کی کرپشن سے آگاہ کیا تھا‘ آئی سی سی کا اعتراف

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جون۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعتراف کیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے سابق چیئرمین للت مودی نے 2013 میں ایک ای میل کے ذریعے اسے چنائی سپر کنگز کے 3 کرکٹرز کے کرپشن میں ملوث ہونے کے بارے میں مطلع کیا تھا۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جون 2013 میں للت مودی نے ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈوائن براوو اور بھارت کے رویندر جدیجا اور سریش رائنا کے حوالے سے کرپشن کی خبر دی تھی، آئی سی سی نے اس خبر پر ایکشن لیتے ہوئے اسے اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ کے حوالے کیا تھا جس نے بھارت کو بھی ان کھلاڑیوں کے حوالے سے خبردار کیا تھا، اس معاملے پر مزید کیا ایکشن لیا گیا اور کیا رد عمل سامنے آیا، آئی سی سی اس پر خاموش ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ للت مودی نے ایک روز قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ چنائی سپر کنگز کے تین کرکٹرز کرپشن میں ملوث رہے اور انہوں نے آئی سی سی کو اس حوالے سے خبر دی تھی۔ للت مودی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں نے ایک بزنس ٹائیکون سے 20، 20 کروڑ روپے اور ایک ایک فلیٹ حاصل کیا جب کہ تینوں کھلاڑی بھارتی بزنس مین بکی سے نقد رقم بھی وصول کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو 2013 میں بذریعہ خط کھلاڑیوں کی کرپشن کے حوالے سے تمام تفصیلات سے آگاہ کردیا تھا لیکن اس کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

للت مودی نے کہا کہ آئی سی سی کے موجودہ چیرمین سری نواسن چنئی سپر کنگ کے مالک ہیں اور ان کے داماد گروناتھ میاپن کو بھی پولیس نے میچ فکسنگ کے الزام میں 2013 میں گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے الزامات سامنے آنے کے بعد للت مودی کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا اور وہ اس وقت لندن میں مقیم ہیں

متعلقہ عنوان :