پنجاب بھر میں وہاڑی کے رمضان بازار کا منفرد وزٹ ، خواجہ سراوٴں کا وفد وزیر اعلیٰ پنجا ب کے رمضان پیکج کے تحت قائم سستا رمضان بازار میں قیمتیں چیک کرنے پہنچ گیا،بازار کو سرکاری افسران اور وزراء چیک کرسکتے ہیں توہمیں بھی یہ حق حاصل ہے اور رمضان بازار میں آکر ہمیں محسوس ہوا کہ مہنگائی کے اس دور میں وزیر اعلیٰ کا سستا رمضان بازار فرضی کارروائی نہیں ہے ‘صددر خواجہ سراء ببلی کی بات چیت

اتوار 28 جون 2015 23:11

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جون۔2015ء) پنجاب بھر میں وہاڑی کے رمضان بازار کا منفرد وزٹ ، خواجہ سراوٴں کا وفد وزیر اعلیٰ پنجا ب کے رمضان پیکج کے تحت قائم سستا رمضان بازار میں قیمتیں چیک کرنے پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق خواجہ سراوٴں کے ضلعی صدر ببلی اور جنرل سیکرٹری چاندنی کی قیادت میں 9رْکنی وفد رمضان بازار پہنچا تو موقع پر موجود انجمن تاجران کے نما ئندوں اور سرکاری اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا ،خواجہ سراوٴں نے سستا رمضان بازار اور عام بازار میں قیمتوں کا فرق جان کرحیرت کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوام کودئے گئے ریلیف کو سراہا۔

(جاری ہے)

وفد نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور مختلف اشیاء کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ اوزان کو بھی چیک کیا، وفد نے رمضان بازار میں مو جو د اشیاء کے معیار کو بھی بہترین قراردیا لیکن آٹے میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث اس کو غیر معیاری قرار دے دیا اس موقع پر خواجہ سراوٴں کے صدر ببلی نے کہا کہ اگررمضان بازار کو سرکاری افسران اور وزراء چیک کرسکتے ہیں توہمیں بھی یہ حق حاصل ہے اور رمضان بازار میں آکر ہمیں محسوس ہوا کہ مہنگائی کے اس دور میں وزیر اعلیٰ کا سستا رمضان بازار فرضی کارروائی نہیں ہے بلکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کررہا ہے اور با زار میں تما م اشیاء کی فراہمی اور انتظامات کے حوالہ سے مقامی تا جران اور تمام سرکاری ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔