پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری سات ماہ واپس وطن پہنچ گئے

پیر 29 جون 2015 11:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری سات ماہ بعد لندن سے پاکستان پہنچ گئے ، عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکنوں نے ایئرپورٹ پر پرجوش استقبال کیا‘ ڈاکٹر طاہر القادری ایئرپورٹ سے قافلے کی شکل میں اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے‘ چار گھنٹے کے سفر میں کارکنان وقفے وقفے سے گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے‘ راستے میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح آٹھ بجے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ایمریٹس کی پرواز کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے۔ ان کا طیارہ بیس منٹ تاخیر سے اترا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے استقبال کیلئے ملک بھر سے آئے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکن بھی موجود تھے جو طیارے کی لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ داخل ہوگئے اور قائد کا والہانہ استقبال کیا۔

جیسے ہی سر پر سیاہ ٹوپی ‘ کالی قمیض پر براوٴن دھاری دار کوٹ پہنے ڈاکٹر طاہر القادری ایئر پورٹ سے باہر آئے تو کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگا ئے اور ان پر گلاب کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے رہنما حق نواز گنڈا پور ‘ طاہر القادری کے دونوں صاحبزادوں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں بچے ، بوڑھے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ سرخ سفید اور سبز پرچم لہراتے سروں اور گلے میں پارٹی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے رومال اور گلے میں اسکارف ڈالے کارکنوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنے قائد کو خوش آمدید کہا۔