کراچی ،انسداد دہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنما عامر خان کی 10لاکھ کے عوض درخواست ضمانت منظور،رہائی کا حکم

پیر 29 جون 2015 11:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی 10لاکھ کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا‘ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اجازت کے بغیر عامر خان بیرون ملک نہیں جاسکتے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی 10لاکھ کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزم عامرخان دوران تفتیش بیرون ملک نہیں جا سکتے۔

(جاری ہے)

عدالت نے انہیں 10لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران عامر خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ میرے موکل پر بے بنیاد کیس بنایا گیا ہے وہ خورشید میموریل ہال کے مالک نہیں ہیں کسی کو پناہ نہیں دے سکتے جبکہ رینجرز کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ان پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ان کی ضمانت منظور نہ کی جائے تاہم عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تفتیش ناقص ہونے کی وجہ سے ان کی ضمانت منظور کی جارہی ہے۔ ضمانت منظورہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ایم کیوایم کے تمام کارکنان الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں۔

متعلقہ عنوان :