نام نہاد عوامی حکومت نے عوام کیلئے بجٹ میں نہ ہونے کے برابر رقم رکھی ‘شیخ عقیل الرحمن

پیر 29 جون 2015 12:24

مظفرآباد((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) )جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے حکومت کی جانب سے عوام کے لئے 11ارب کا ترقیاتی بجٹ نامنظور ہے۔جماعت اسلامی اس کو مکمل طور پر مستر د کرتی ہے۔نام نہاد عوامی حکومت نے عوام کیلئے بجٹ میں نہ ہونے کے برابر رقم رکھی ہے اور 56ارب کی رقم بیور و کریسی کے لئے مختص کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہاتھاکہ” تاریخی بجٹ پیش کرینگے “۔یہ تاریخی تو نہیں البتہ تاریکی بجٹ ہے اس سے ریاست میں اندھیراچھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جس کی آباد ی 10لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔وہاں ترقیاتی بجٹ 10ارب روپے ہے جبکہ آزادخطہ کی آبادی 40لاکھ ہے اس کے لئے بجٹ صرف 11ارب ہے جس کا نصف کرپشن کی نذر ہوجاتاہے جوکہ عوام کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادحکومت بھونڈا بجٹ لائی ہے۔اپوزیشن کا بھی اس میں برابر کا حصہ ہے۔حکومت اور اپوزیشن دونوں نے مل کر عوام کو لوٹنے اور برباد کرنے کا پروگرام بنایاہے۔ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ کا نصف ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :