وفاقی وزیر دفاعی پیداوار، سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اوروزیر محنت پنجاب راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت اجلاس

پیر 29 جون 2015 13:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار، سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اورصوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اعلی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے والے نجی اداروں کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی کررہی ہے ،کام سیٹ یونیورسٹی طلبا و طالبات خصوصا غریب مزدوروں کے بچوں کوجدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں گراں قدر کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بات کام سیٹ یونیورسٹی لاہور کیمپس کے لیزو دیگرمعاملات بارے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری ہائرایجوکیشن ارم بخاری، سیکرٹری لیبر عشرت علی ،ریکٹرکام سیٹ یونیورسٹی ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی،ڈائریکٹر لاہور کیمپس ڈاکٹر محمود احمد بودلہ، ڈائریکٹرپی اینڈ ڈی ڈاکٹر طاہر نعیم، سیکرٹری ورکرزویلفیئربورڈ کے علاوہ محکمہ لیبر ، پنجاب ورکرز ویلفیئربورڈ اور کام سیٹ یونیورسٹی کے اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب کی زمین اور بلڈنگ میں قائم کام سیٹ یونیورسٹی لاہور کیمپس کے لیز و دیگر انتظامی امور زیربحث آئے۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ کام سیٹ کی انتظامیہ مختصر اور طویل مدتی سطح پر ایسی تجاویز پیش کرے کہ حکومت پنجاب انہیں مریدکے یا کسی اور گورنمنٹ لینڈپر 100 ایکڑ اراضی یونیورسٹی کے مستقل کیمپس کی تعمیر کے لئے وقف کرسکے تو وفاقی حکومت یونیورسٹی امور چلانے کے لئے بھرپور فنڈنگ کرے گی۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ کام سیٹ یونیورسٹی میں 30فیصد کوٹہ مزدوروں کے بچوں کا ہے حکومت پنجاب اس تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کو لیز میں اضافے سمیت تمام ممکنہ سہولیات فراہم کررہی ہے تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کو پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ساتھ افہام و تفہیم سے تمام درپیش معاملات طے کرلینے چاہئیں اور معاہدے کی شقوں پر بھرپور عملدرآمد کرتے ہوئے مزدوروں کے بچوں کے کوٹے پر بھرپور عملدرآمد کرنا چاہیے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ کام سیٹ یونیورسٹی ملک کا ایک معروف آئی ٹی ادارہ ہے جو جدید اور اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ملک بھر کی تمام یونیورسٹیوں میں چوتھے نمبر پر آیا ہے تاہم لاہور کیمپس ورکرز ویلفیئربورڈ پنجاب کی زمین اور پراپرٹی پر واقع ہے جو خالصتا مزدوروں کی ملکیت ہے جسے کسی بھی لحاظ سے ٹرانسفر نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :