رحیم یارخان شہر کی ترقی وخوبصورتی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں، میاں اعجازعامر

پیر 29 جون 2015 13:48

رحیم یارخان ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق تحصیل ناظم رحیم یارخان میاں اعجازعامر نے کہا ہے کہ رحیم یارخان شہر کی ترقی وخوبصورتی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں۔ شہر کی نئی تعمیر ہونیوالی سڑکیں‘ چوراہے‘ فوارے اور پارکس قیمتی اثاثہ ہیں جن کی حفاظت عوام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات جی پی او چوک میں فوارے اور ٹاؤن ہال کے مرکزی گیٹ کی تعمیر کے جاری منصوبے کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ میاں امتیازاحمد کی درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اڈا خانپور سے لے کر بائی پاس چوک تک سڑک کے توسیعی منصوبے کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منصوبہ نئے مالی سال میں مکمل ہوجائے گا جبکہ پنجاب حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں عباسیہ انڈر پاس پر فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 21 کروڑ روپے اور بلجیم چوک تا چک 72 این پی روڈ کی تعمیروتوسیع کیلئے 35 کروڑ روپے کے فنڈز بھی مختص کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سٹی پیکیج فیز ll کے تحت مزید 45 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام بھی صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال کے عرصہ میں رحیم یارخان شہر میں ہونیوالے اربوں روپے کے ترقیاتی کام ایک ریکارڈ ہیں جس کی مثال کسی دوسرے شہر میں نہیں ملتی۔