مصری خاتون کے رحم میں 27 بچوں کی موجودگی کا انکشاف

پیر 29 جون 2015 14:45

مصری خاتون کے رحم میں 27 بچوں کی موجودگی کا انکشاف

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) مصر میں حال ہی میں ایک حاملہ خاتون کے طبی معائنے کے بعد پتا چلا کہ اس کے رحم میں بہ یک وقت 27 بچے ہیں جو انگور کے گچھے کی طرح ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خاتون کو بچوں کی شکل میں رحم کا کینسرتھا تاہم اب سرجری کے بعد اس کی جان بچالی گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قاہرہ میں سوزان مبارک اسپتال کے ایک فیملی ڈاکٹر ھانی حسن نے بتایا کہ حال ہی میں جنوبی مصرکے المنیا شہر کی ایک 40 سالہ خاتون احسان عبدالحلیم کو پیٹ میں تکلیف کی شکایت پراسپتال لایا گیا۔

ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ کا الٹراساؤنڈ کرنے کے بعد پتاچلایا کہ وہ نہ صرف حاملہ ہے بلکہ اس کے پیٹ میں 27 بچے ہیں۔ الٹراساؤنڈز کی مدد سے پیٹ میں موجود بچوں کی درست تعداد کی بھی تصدیق ہوگئی۔

(جاری ہے)

الٹراساؤنڈ کی رپورٹ سے پتا چلا کہ خاتون کے رحم میں 27 بچے انگورکے گچھے کی طرح ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ مزید تحقیقات کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ کینسر کی ایک مہلک شکل ہے جو ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

ڈاکٹروں نے کینسرکی تشخیص کے بعد فوری طور پر خاتون کے پیٹ کی سرجری کی اور تمام جنین کو نکال دیا گیا ہے۔سوزان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشرف عثمان نے بتایا کہ خاتون کے رحم میں ورم کی شکل میں کینسر بگڑ رہا تھا تاہم ابھی ابتدائی مراحل میں تھا۔ خاتون کی زندگی بچانے کے لیے اس کی سرجری ناگزیر تھی۔ اس کی جان بچالی گئی ہے اور اسپتال میں تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون کے رحم میں موجود کینسر کے ورم کو لیزر کے ذریعے ختم کیا گیا ہے۔ خاتون کے رحم سے نکالے گئے بچے ابھی ابتدائی حالت میں تھے اور وہ مرچکے تھے۔ایک سوال کے جواب میں خاتون نے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس کی عمر چالیس سال ہے اور وہ ایک فارم ہاؤس میں اپنے شوہر کے ہمراہ کام کرتی ہے۔ اس کے تین بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں جو سب اسکول جاتے ہیں۔امراض نسواں کے ماہر ڈاکٹر حسن محمود نے بتایا کہ خواتین کے رحم میں ورم کی شکل میں کینسر کے کیسز بہت کم آتے ہیں۔ اس طرح کا کیس ہزار میں ایک ہوتا ہے، تاہم اس نوعیت کا کینسر بیضہ دانی میں کروموسومز کی تعداد بڑھ جانے سے پیدا ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :