بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو سبز باغ دکھانے والے اپنی کارکردگی قوم کو بتائیں‘ میاں کامران سیف

پیر 29 جون 2015 14:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ق)لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بدترین لوڈشیڈنگ نے ہر شعبہ زندگی کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے ،مزدور فارغ اور پریشان ہوکر بددعائیں دے رہے ہیں ،انتخابات میں 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعویداروں نے پنجاب کو اندھیروں میں ڈبو دیاہے ،بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو سبز باغ دکھانے والے اپنی کارکردگی قوم کو بتائیں عوام وعدے نہیں فوری مسائل کا حل چاہتے ہیں کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکتوں کے ذمہ دار حکمران ہیں کراچی میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن حکومت کراچی الیکٹرک کمپنی کو اپنی تحویل میں لینے سے ابھی تک ہچکچا رہی ہے جان و مال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے جس میں وہ مکمل طور پر ناکام رہی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا شہر شہر احتجاج نے ثابت کردیا ہے کہ قوم جاگ گئی ہے روشنیوں کو اندھیروں میں دھکیلنے وایل قوم کے مجرم ہے انہوں نے کہا کہ 18-18گھینٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی سمیت ہر شعبہ کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے اور عوام بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف شہروں میں سراپا احتجاج ہیں لوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے عوام کو نہ رات کو سکون ہے اور نہ دن میں چین ہے عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے حکومت اپنے وعدے کے مطابق چھ ماہ میں بجلی بحران کے خاتمہ کے دعوے کو عملی شکل دے ۔

انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے بجلی بحران کے خاتمہ کی نوید کو طفل تسلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام حکومتی دعووں پر اب مزید صبر نہیں کرسکتے ،انہیں مسائل کا فوری حل چاہئے۔