رمضان میں شہریوں کیلئے لگائے گئے سستے بازار میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور

پیر 29 جون 2015 14:56

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور چوہدری بابر شہزاد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں شہریوں کیلئے سستا رمضان بازار لگادیا گیا ہے۔ شہریوں کو سستی اور معیاری چیزیں فراہم کرنے کے لیے میرپور کی تاجر برادری سستا بازار میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔رمضان المبارک کے مقدس اور با برکت مہینہ میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف دینگے ۔

رمضان بازار میں لگائے گئے سٹال والوں سے بلدیہ نے کوئی فیس وصول نہیں کی ،ماضی میں نصف خرچہ رمضان بازار کے تاجر اور نصف بلدیہ دیتی تھی لیکن اس سال پہلی دفعہ رمضان بازار میں لگائے گئے سٹال اور تاجروں کو فری ریلیف دیا جا رہا ہے،میرپور شہر کے چند بڑے تاجروں نے بھی اس سال رمضان بازار میں سٹال لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

،جس سے حقیقی معنوں میں شہریوں کو ریلیف مل رہا ہے ،میرا عہدہ شہریوں کی امانت ہے،پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت شریک چیئر مین آصف علی زرداری ،محترمہ فریال تالپور اور وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید کے بھرپور اعتماد کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرچوہدری بابر شہزاد نے کہا کہ میرپور شہر کے شہریوں کو سستا رمضان بازار میں حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے ۔ رمضان سستا بازار میں تاجر بھی شہریوں کو سستا اور معیاری سامان فروخت کریں ،اس موقع پر سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ ظفر اقبال بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری بابر شہزاد نے کہا کہ بلدیہ میرپورمضان بازار میں تمام سہولیات فراہم کرئے گی ریٹ لسٹ پر عمل درآمد کروانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،اُنہوں نے کہا ہم شہریوں کو ہر ممکن ریلیف دینا چاہتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ رمضان سستا بازار میں شہری چیزیں خریدتے وقت ریٹ لسٹ ضرور چیک کر کے اشیاء خریدیں۔