کراچی میں بجلی بحران نہ ہوتا تو ہلاکتوں میں کمی ہو سکتی تھی، نیپرا کی رپورٹ

پیر 29 جون 2015 15:25

کراچی میں بجلی بحران نہ ہوتا تو ہلاکتوں میں کمی ہو سکتی تھی، نیپرا کی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) کراچی میں بجلی بحران پر نیپرا کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ہلاکتوں کے حوالے سے مزید حقائق جاری کر دیئے ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کراچی میں بجلی کا بحران نہ ہوتا تو گرمی کے باعث ہلاکتوں میں کمی ہو سکتی تھی ۔نیپرا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے شہر قائد میں بجلی بحران سے متعلق رپورٹ مرتب کر لی ہے ۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک حکام نے بجلی کی طلب اور پیداوار کے درست اعداد و شمار چھپائے ۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک اپنی مکمل استعداد کار کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر رہی ۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کراچی میں بجلی بحران نہ ہوتا تو ہلاکتوں میں کمی ہو سکتی تھی۔ نیپرا کمیٹی کے ارکان نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے انٹرویو بھی کئے۔ ورثا کا کہنا تھا کہ ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ان کے پیارے موت کے منہ میں چلے گئے۔نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے کئی علاقوں میں جبری اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کی ذمہ دار کے الیکٹرک بھی ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے رپورٹ چیئرمین نیپرا کے حوالے کر دی ہے۔