Live Updates

پیپلز پارٹی قصہ پارینہ بن چکی، ن لیگ کا باب بھی عنقریب بند ہو جائیگا، بیرسٹر سلطان محمود

مفاہمتی سیاست کو جیل میں دیکھ رہاہوں، مک مکا کی سیاست انجام کو پہنچنے والی ہے، تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھائیگی،صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 29 جون 2015 17:22

سہنسہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی قصہ پارینہ بن چکی ہے اور ن لیگ کا باب بھی عنقریب بند ہو جائے گا مالشی اور پالشی لوگوں نے ریاستی تشخص مجروع کر کے رکھ دیا ہے مفاہمتی سیاست کو کوٹ لکھ پت جیل میں دیکھ رہا ہوں مک مکا کی سیاست انجام کو پہنچنے والی ہے تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھائے گی مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشو ہی نہیں بلکہ سوا کروڑ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے میں نے تحریک آزادی کشمیر کو گراس لیول سے اٹھا کر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ایوانوں تک پہنچا دیا ہے مجید زرداری ہاؤس کا مجاور ہے میرپورمیں پیدا ہونے والاسلطان اب آزاد خطے کا سلطان بن چکا ہے جسے عوام کی بھرپور حمایت تائید پذیرائی مل رہی ہے پیپلز پارٹی کی قیادت کے باہر جاتے ہی مجید کا اقتدار بھی ختم ہو رہا ہے جبکہ ن لیگ بھی صفر کارکردگی کی وجہ سے اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے فاروق حیدر کل کشمیر کونسل کو فنڈز ہڑپ کرنے والا ادارہ قرار دے رہا تھا آج میاں نوازشریف کے اعلان اور فنڈ مہیا کرنے کے اعلان پر بلی کی طرح میاؤں میاؤں کرتے ہوئے سجدہ ریز ہو گیا ہے میرپور کے ضمنی الیکشن میں چوکا لگایا تھا اور فائنل میچ میں چھکا لگاؤں گا ان آقاؤں غلاموں مجاوروں اور سجدہ ریز کو سیاسی سکرین سے آؤٹ کروں گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق مشیر حکومت چوہدری محمد اخلاق خان کی طرف سے افطار ڈنر کے موقع پر ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جلسہ عام سے سابق مشیر حکومت چوہدری اخلاق احمد، چیف آرگنائزر ظفر انور، رفیق نیئر، خواجہ عطاء محی الدین ایڈووکیٹ، سید مظہر حسین ایڈووکیٹ، سردار ربنواز خان، سردار ساجد نواز ایڈووکیٹ، سردار شاہد اجمل ایڈووکیٹ، سردار ساجد نواز ایڈووکیٹ، سردار احسان الحق اور طارق خان کے علاوۂ دیگر نے بھی خطاب کیا بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مجید اور فاروق حیدر کو میرے میرپور کے ضمنی الیکشن کی جیت ہضم نہیں ہو رہی ۔

جو ان کے سینے پر گولیاں لگی ہیں اس کے اثرات ابھی تک موجود ہیں اگلے سال ان کی پیٹھ پر بھی گولیاں ماروں گا اور وہ بھاگتے ہوئے جان بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجید اینڈ کمپنی کا یہ آخری سال ہے جنہیں عوام نے بھی پارٹی کے نظریاتی کارکنوں عہدیداروں اور ممبران اسمبلی نے مسترد کر دیا ہے میں بھی اسے سیاسی شہید بننے نہیں دوں گا جس نے کرپشن مافیا ، کمیشن مافیا نے نہ صرف قومی تشخص مجروع کر رکھا ہے سنیارٹی کو پامال کر کے قومی خزانہ بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے اقربا پروری کی انتہا ہو چکی ہے نوجوان ڈگریاں اٹھا کر رسوا ہو رہے ہیں۔

دردر کی خاک چھان رہے ہیں۔ اس انجمن غلاماں کو انجام تک پہنچا کر دم لوں گا رہا سوال فاروق حیدر کل ایکٹ 74ختم کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا آج جب میاں نوازشریف نے فنڈز ریلیز کرنے کا اعلان کیا تو وہ فوری طور پر وزیرامور کشمیر اور میاں نوازشریف کے قدموں میں بیٹھ گئے۔ اصول پسندی کو چھوڑ کر آج وہ فنڈز حاصل کرنے کے پیچھے بھاگ رہا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کی تشددانہ پالیسی غاصبانہ قبضے ظالمانہ روئیے کو میں نے بین الاقوامی فورم پر بے نقاب کیا ہے انٹرنیشنل محاذ پر جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ بھارت آج اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت سے بھی محروم ہو گیا اور پوری دنیا کے اندر بے نقاب بھی ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ امریکا کی سپریم کورٹ میں خطاب کرنا میرے لئے بھی اعزاز کی بات ہے اور حوصلہ افزائی ہوئی بلکہ اس سے پورے پاکستانیوں اور کشمیریوں کی عزت افزائی بھی ہوئی میرے مسئلہ کشمیر کے موقف کو غور سے سنا گیا اور اسے جائز بھی قرار دیا گیا میں آزاد خطے کی عوام کا ہی نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کا نمائندہ بھی ہے جن کا انٹرنیشنل فورم پر میں پوری طرح وکالت کر رہا ہوں جبکہ تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا اس وقت تک میری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی جان ڈال دی ہے جس سے نریندر مودی کی نیند بھی حرام ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور اقتدار میں وضع داری شائستگی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھا ریاستی عوام کی عزت نفس کو مجروع نہیں ہونے دیا اور قومی و ریاستی تشخص کو برقرار رکھا کشمیریوں کی عزت میں اضافہ کیا جبکہ آج ریاستی تشخص بھی پامال ہے کشمیریوں کی عزت نفس بھی مجروع ہو چکی ہے حکومت کی اتھارٹی کہیں نظر نہیں آرہی عوامی حقوق پامال ہیں وزراء لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔

حکومت یہ بتائے کہ چار سالوں میں انہوں نے کونسے کارنامے سرانجام دئیے جس کی بنیاد پر وہ آئندہ عوامی عدالت میں جا کر ووٹ لیں گے بلکہ عوام کو مسائل میں الجھا کر مسئلہ کشمیر سے بھی لاتعلق کر دیا گیا ہے ہم انشاء اﷲ اقتدار میں آکر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نتیجہ خیز بنائیں گے مودی کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے عوامی حقوق بحال کریں گے میرٹ انصاف کی بالادستی ہو گی اور حقوق انصاف مراعات سب کے لئے یکساں ہوں گے موجودہ حکومت کے دور میں ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ بھی ہو گا اور انصاف پر مبنی نظام رائج ہو گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات