سندس داس روڈ پر تیز آندھی کے باعث درخت رکشے پر گرنے کے باعث دو بہنیں جاں بحق ،ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا

شام نگر میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور بچی ملبے تلے دب کر جاں بحق ،لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں

پیر 29 جون 2015 17:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ سندس داس روڈ پر تیز آندھی کے باعث درخت رکشے پر گرنے کے باعث دو بہنیں جاں بحق جبکہ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا ، چوبرجی کے علاقہ شام نگر میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور بچی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دو بہنیں شبانہ اور ریحانہ کسی عزیز کی فوتگی میں شرکت کے لئے رکشے پر سوار ہو کر صدر جارہی تھیں کہ سندس داس روڈ پر تیز آندھی کے باعث ایک درخت رکشے پر آ گرا جس سے دونوں بہنیں شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ رکشے کا ڈرائیور معجزانہ طور پرمحفوظ رہا ۔

اطلاع ملنے پر جاں بحق ہونے والی خواتین کے ورثاء موقع پر پہنچ گئے اور پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔علاوہ ازیں چوبرجی کے علاقہ شام نگر میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون قمر اور بچی فاطمہ ملبے تلے دب گئیں جنہیں اہل علاقہ اور ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا لیکن دونوں جانبر نہ ہو سکیں۔ پولیس نے لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔