پاکستان کے حکمران اپنے فرائض سے بالکل بے خبر ہیں‘ حافظ ادریس

محکمے ،صوبائی و وفاقی حکومتیں کراچی کے عوام کو موت کے منہ میں دھکیلنے کی یکساں ذمہ دار ہیں

پیر 29 جون 2015 17:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) جماعت اسلامی کے نائب امیرحافظ محمدادریس نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران اپنے فرائض سے بالکل بے خبر ہیں، عوام جن مشکلات کا شکار ہیں طبقہ امرا کو اس کی خبر ہے نہ اپنی ذمہ داریو ں کا احساس ہے، ملک بھر میں موت رقصاں ہے اور غریب غربا کے لیے اپنے مردوں کو دفن کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں گرمی کی لہر ہر سال آیا کرتی ہے، مگر اس سال کراچی الیکٹرک کمپنی ،بلدیہ کراچی کے ذمہ داران اور صوبائی ومرکزی حکومتیں عوام کو موت کے منہ میں دھکیلنے کے یکساں ذمہ دار ہیں۔

گرمی کی اس شدت میں شہریوں کے لیے نہ بجلی ہے ، نہ پانی۔ پاکستان کا سب سے بڑا شہر جس قیامت سے گزر رہا ہے اس نے پوری دنیا میں پاکستان کے نام پہ دھبہ لگا دیا ہے۔ ایم کیو ایم کی قتل وغارت گری، بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کی سیاست ہی کیا کم تھی کہ ایک نئے عذاب نے بے چارے اہل کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس موقع پر تمام شرکا نے شہدائے کراچی کے لیے دعائے مغفرت کی۔

متعلقہ عنوان :