نیشنل فوڈ اتھارٹی نے اس سال مختلف ممالک کیلئے مخصوص کوٹے کے مطابق چاول در آمد کرنے کے لئے فلپائن کے پرائیوٹ سیکٹر سے در خواستیں مانگ لیں

پیر 29 جون 2015 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) فلپائن کے لئے چاول در آمد کرنے کا مجاز حکومتی ادارے نیشنل فوڈ اتھارٹی نے اس سال مختلف ممالک کیلئے مخصوص کوٹے کے مطابق چاول در آمد کرنے کے لئے فلپائن کے پرائیوٹ سیکٹر سے در خواستیں مانگ لی ہیں ۔ جسمیں پاکستان کے لئے مخصوص 50,000 میٹرک ٹن کا کوٹہ بھی شامل ہے ۔ اس بات کا اظہار رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان ریپ کے چیئرمین رفیق سلیمان نے ایک بریفنگ کے موقع پر کیا ۔

نیشنل فوڈ اتھارٹی نے رواں سال کے لئے تقریبا 805,200 میٹرک ٹن چاول کی در آمد کے لئے درخواستیں مانگ لی ہیں جوکہ مقامی پرائیوٹ سیکٹر 30 نومبر 2015 تک امپورٹ کرسکے گا ۔ فلپائن نے مختلف ممالک کے لئے مخصوص کوٹے کے مطابق چاول در آمد کرنے کے لئے منظوری دی ہے جسمیں تھائی لینڈ کا کوٹہ293,100 میٹرک ٹن،ویتنام 293,100 میٹرک ٹن،چین50,000 میٹرک ٹن،انڈیا50,000 میٹرک ٹن اور پاکستان کا کوٹہ 50,000 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اس پروگرام کے تحت مقامی امپورٹرز مخصوص فیس کی ادائیگی کے بعد 35 فیصد ٹیرف کے ساتھ اچھی کوالٹی کا 25 فیصد سے کم بروکن چاول در آمد کرسکے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ فلپائن نے چاو ل کی در آمد کے لئے پاکستان سے 50,000 میٹرک ٹن کا کوٹہ کھول دیا ہے جوکہ فلپائن میں پاکستان کے سفیر صفدر حیات اور انکی ٹیم کی مسلسل انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے اسکے علاوہ اپریل کے مہینے میں REAP کے تجارتی وفد نے چیئرمین رفیق سلیمان کی سربراہی میں فلپائن کا دورہ کیا تھا اور صفدر حیات کی کوششوں سے مختلف اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کی تھی اور ایک طویل عرصے کے بعد فلپائن جوکہ چاول کی ایک بڑی مقدار در آمد کرتا ہے سے پاکستان کے لئے 50,000 میٹرک ٹن کوٹہ منظور کروانے میں کامیاب رہے تھے ۔

واضع رہے کہ اس پروگرام کے مطابق فلپائن کا پرائیوٹ سیکٹر 30 نومبر 2015 تک چاول منگواسکتا ہے اور مختلف ممالک میں چاول فراہم کرنے والے بر آمد کنندگا ن سے معاملات طے کرسکے گا `