عید کی تیاریوں کے سلسلہ میں بازاروں کی رونقیں بڑھنا شروع ہو گئیں

خواتین اور بچے عید کی تیاریوں کے حوالے سے پرجوش

پیر 29 جون 2015 18:43

اسلام آباد ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہوتے ہی عید کی تیاریوں کے سلسلہ میں بازاروں کی رونقیں بڑھنا شروع ہو گئیں، خواتین اور بچے عید کی تیاریوں میں مصروف نظر آتے ہیں، گرمی کی شدت کم ہونے اور موسم خوشگوار ہوتے ہی لوگ فیملیز کے ساتھ مختلف معروف بازاروں میں خریداری کیلئے نکل آئے۔

ایک خاتون نسرین نے بتایا کہ عید کے دنوں میں تھوڑے دن باقی ہیں اور درزی کی دکانوں پر بھی رش ہے اس لئے کپڑوں کی خریداری کا یہ مناسب وقت ہے، اس نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے کپڑوں کے لئے راولپنڈی کے معروف بازار کمرشل مارکیٹ اور رابی سینٹر آئے ہیں جہاں کپڑوں کی وسیع ورائٹی موجود ہے اور عام مارکیٹ کی نسبت معقول نرخوں پر کپڑے دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اندازے کے مطابق خواتین کا سوٹ 800 سے لے کر 2 ہزار روپے تک جبکہ بہتر ورائٹی کے سوٹ کی قیمت اس سے بھی زیادہ ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں سرکاری ملازمت پیشہ لوگوں کی اکثریت ہے جو تنخواہ ملتے ہی عید کی خریداری میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ ایک دکاندار ظفر نے بتایا کہ لاہور اور کراچی سے کپڑوں کی بڑی ورائٹی خرید کر لایا ہے اور اس رمضان اچھے بزنس کی توقع ہے جبکہ بچوں کے ریڈی میڈ کپڑوں اور جوتوں کی بڑی ورائٹی بھی موجود ہے۔ دیگر مارکیٹوں میں بھی لوگوں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک خریدار محمد شکیل نے بتایا کہ اگلا عشرہ اعتکاف کا ہوگا اس لئے عید کی خریداری کا یہ مناسب وقت ہے جبکہ بچوں کی کثیر تعداد بھی اپنے والدین کے ہمراہ عید کی خریداری میں مصروف ہے۔

متعلقہ عنوان :