حکومت نیپرا کی طرف سے بجلی کے بلوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرے ، پانی جیسے سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں، اسلام آباد چیمبر

پیر 29 جون 2015 18:50

اسلام آباد ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیپرا کی طرف سے بجلی کے بلوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرے جبکہ پانی جیسے سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی اس وقت نئی سرمایہ کاری کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ اس سنگین مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے تاکہ ملک کا مستقبل مزید تاریک ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پانی کے ذخائر سے 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ حکومتوں کی عدم توجہ کی وجہ سے ملک ابھی تک ان وسیع ذخائر میں سے صرف 11 فیصد کو استعمال میں لا سکا ہے، پانی سے پیدا ہونے والی بجلی سب سے سستی بجلی ہے اور موجودہ بجلی بحران کو حل کرنے کا سب سے بہتر ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بلاتاخیر پانی سے بجلی پیدا کرنے کے تمام ذخائر کو استعمال میں لانے کے لئے کوششیں تیز کرے تاکہ ملک لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا حاصل کر سکے اور صنعت و تجارت کی ترقی کی رفتار تیز ہو جس سے معیشت مشکلات سے نکل کر مضبوطی کی طرف گامزن ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے غربت اور بے روزگاری میں بھی کمی واقع ہو گی۔