نو تعمیر لدھڑکو طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کے ماڈل پر چلایا جائیگا‘ سلمان رفیق

پیر 29 جون 2015 18:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نو تعمیر لدھڑ ہسپتال بیدیاں روڈ کو آپریشنل کرنے کے بارے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک،کمشنر لاہور عبداﷲ خان سنبل،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،ای ڈی او ہیلتھ لاہورڈاکٹر ذوالفقار علی، ای ڈی او فنانس سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لدھڑ ہسپتال 60 بستروں پر مشتمل تحصیل ہیڈ کواٹر کی سطح کا ہسپتال ہے جس کی تعمیر پر 29 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جبکہ 4 کروڑ 87 لاکھ روپے کے طبی آلات ہسپتال کے لئے خریدنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بتایا کہ طبی آلات کی خریداری کے لئے ایل سی کھول دی گئی ہے اور امید ہے کہ متعلقہ کمپنی جلد از جلد طبی آلات سپلائی کر دے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مزید بتایا کہ ہسپتال کی باؤنڈری کے اندرعمارت کے عقب میں وسیع قطعہ اراضی رکھا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ہسپتال کی توسیع کا منصوبہ بنایا جائے تو اس کے لئے زمین دستیاب ہو۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لدھڑ ہسپتال کو وزیراعلی محمد شہبا شریف کی ہدایت کے مطابق طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کے ماڈل پر چلایا جائے گاجہاں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ا س سلسلہ میں آئندہ ایک دو دن کے اندر وزیراعلی کو بریفنگ دی جائے گی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے PHA کے حکام کو ہسپتال کے اندر پارک اور ہارٹیکلچر ورک جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ جواد رفیق ملک نے ای ڈی او ہیلتھ لاہور کو لدھڑ ہسپتال کے انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس اور میڈیکل آلات کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کے لئے پریزنٹیشن فوری طور پر تیار کرنے کی ہدایت کی۔