ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام دفاتر میں دن 11بجے سے قبل ایئر کنڈیشن چلانے پر پابندی لگا دی

پیر 29 جون 2015 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام دفاتر میں دن 11بجے سے قبل ایئر کنڈیشن چلانے پر پابندی لگا دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افسر کی دفتر میں عدم موجودگی میں بھی ایئرکنڈیشن بند رکھا جائے، سوک سینٹر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں لوڈشیڈنگ کے پیش نظر ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، خصوصاً سرکاری افسران پر اس سلسلے میں زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انرجی کی فضول خرچی سے پرہیز کریں اور جہاں استعمال ضروری نہ ہو وہاں اس کی بچت کی جائے افسران اس بات کا خیال رکھیں گے تو ماتحت عملہ بھی اس کی پابندی کرے گا۔

انہوں نے بلدیہ کے سینئر ڈائریکٹرز اور محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ خود اس بات کی پابندی کریں اور ماتحت افسران اور عملے کو بھی اس کا پابند بنائیں اس ہدایت کی خلاف ورزی کی صورت میں محکمہ جاتی سربراہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ریونیو کی خراب صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریونیو کو زیادہ سے زیادہ بہتر پوزیشن کی طرف لایا جائے یہ ممکن نہیں ہوسکتا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو میں اس قدر کمی ہو اور ہم شہر میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ریونیو سے متعلق تمام محکموں کو ہفتہ وار رپورٹ دینا ہوگی اور ہر ماہ اس حوالے سے اجلاس ہوگا جس میں ریکوری کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلے میں 30 جون 2015 کو سوک سینٹر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تمام ریونیو محکموں کو دیئے گئے اہداف کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ محکمے کی طرف سے کی گئی ریونیو ریکوری کی صورتحال پر بھی تفصیل سے غور کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :