ایڈمنسٹریٹر کراچی کی کے ڈی اے پولی کلینک میں ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ سینٹر کا قیام اور بستروں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت

پیر 29 جون 2015 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے ہیلپ لائن نمبر 1339 اور 1122 میں ایک ڈاکٹر کی تعیناتی اور سوک سینٹر میں واقع کے ڈی اے پولی کلینک میں ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ سینٹر کا قیام اور بستروں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوک سینٹر میں کے ڈی اے پولی کلینک اور شہر میں قائم ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ رسپانس سینٹرز کے دورے کے موقع پر کیا، ا س موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سوک سینٹر میں مختلف دفاتر موجود ہیں جہاں روزانہ ہی شہریوں کی بڑی تعداد اپنے مختلف کاموں سلسلے میں آتی ہے اور گرمی کی شدت کے باعث بہت سے افراد بالخصوص بزرگ شہری متاثر ہوتے ہیں لہٰذا پولی کلینک کو ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ رسپانس سینٹر کے طور پر بھی فعال کردیا گیا ہے انہوں نے پولی کلینک میں مزید بیڈ بڑھانے کی ہدایت کی جبکہ یہاں دستیاب مختلف طبی آلات و مشینری کا معائنہ بھی کیا، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا کہ پولی کلینک میں بھی آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاتی ہے شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے سے قائم 42 ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ رسپانس سینٹرز میں گرمی سے متاثرہ تقریباً 40 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی امداد دی گئی جن میں سے بیشتر افراد صحت یابی کے بعد اپنے گھروں کو روانہ کردیئے گئے اور بعض مریضوں کو مزید علاج کیلئے مذکورہ طبی مراکز میں داخل کرلیا گیا جن کے علاج پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ان سینٹرز پر آنے والے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے ان کے ہمراہ موجود افراد کیلئے افطاری اور کھانے کا انتظام بھی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے حوالے سے کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی عباسی شہید اسپتال بھی پہنچے جہاں انہوں نے گرمی سے متاثرہ افراد کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے ان کے علاج سے متعلق آگاہی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :