ملک میں عصبیت کی آگ بھڑکانے والے ملک وقوم کے دشمن اور بیرونی قوتوں کے آلہء کار ہیں ،جے یوآئی سندھ

پیر 29 جون 2015 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے امیرالحاج قاری عبدالمنان انور نقشبندی،جنرل سیکریٹری حافظ احمد علی ،امیر کراچی ڈویژن پیر لیاقت شاہ،صوبائی ناظم مفتی محمدحماداﷲ مدنی،مولاناغلام مصطفی فاروقی،مولانااقبال اﷲ، مولاناحضرت ولی ہزاروی، مولانا مشتاق عباسی ، مولاناخواجہ احمد یار خان، مفتی ظل الرحمٰن، قاری سیف الرحمٰن ،علامہ آفاق عصری، خواجہ سیف الاسلام ایڈوکیٹ ،مولانااحمد علی مدنی ،ممتاز احمد خان ، شاہد علی خان،عبدالستار بلوچ،قاری عبدالحئی شیخ ودیگر نے یوم باب الاسلام کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں عصبیت کی آگ بھڑکانے والے ملک وقوم کے دشمن اور بیرونی قوتوں کے آلہء کار ہیں۔

کراچی میں گرمی کی شدت سے اموات سندھ حکومت کی نااہلی ہے، حقیقت یہ ہے کہ حکمران عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں، سندھ کو ایک بارپھر محمدبن قاسم کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام قائدجمعیت مولانا سمیع الحق کی قیادت میں ملک میں اﷲ اور اﷲ کے رسول ﷺ کے نظام کی جدوجہد کررہی ہے ، قیام پاکستان سے اب تک ملک میں نفاذ دین کے حوالے سے جے یوآئی کی خدمات روزروشن کی طرح عیاں ہیں ،جبکہ دیگر جماعتوں کا کردار اب کھل کر سامنے آچکاہے۔

انہوں نے کہاکہ رسول پاک ﷺ سے محبت ایمان کاتقاضہ ہے، دشمنان اسلام پر واضح کرتے ہیں کہ مسلمان اپنے نبی ﷺ کی حرمت وناموس پر جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔جلسے میں ہیٹ اسٹروک کے باعث ہونے والی سینکڑوں اموات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیاگیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔اس موقع پرغلام صمدانی گجر، ملک علی محمدجاپانی، مولاناقطب الدین آزاد، صاحبزادہ احمد الرحمٰن، قاری سعید شامی، قاری عبدالقیوم ،الحاج عبدالعزیز صدیقی ودیگر بھی موجود تھے۔