وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ بھر میں مختلف ہینڈی کرافٹس کے پراجیکٹس کیلئے 3.50ارب روپے کی رقم مختص کی ہے‘پرویزملک

برامدات کے حوالے سے ہینڈی کرافٹس کے تمام پراجیکٹس بڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے

پیر 29 جون 2015 19:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پنجاب میں ہینڈی گرافٹس کی ترقی کیلئے 17کروڑ کی لاگت سے کوٹ عبدالمالک میں 32کینال اراضی پر 4.4مرلہ کی دکانیں تعمیر کی جائیں گی، پاکستان ہینڈی کرافٹس پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان ہے ۔یہ بات ایم این اے اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پرویز ملک نے بغیر سود کے قرضہ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ بھر میں مختلف ہینڈی کرافٹس کے پراجیکٹس کیلئے 3.50ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔جو آئندہ مالی سال جولائی میں شروع کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برامدات کے حوالے سے ہینڈی کرافٹس کے تمام پراجیکٹس بڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاتھ سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی پوری دنیا میں بڑی مانگ ہے جس کے تحت اب تک ہنر مندوں میں ایک کروڑ تیس لاکھ کے بغیر سود کے قرضے کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز 16مزید ہنر مندوں میں 32لاکھ روپے کہ چیک تقسیم کئے گئے۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹری بلال احمد بٹ نے بتایا کہ ہنر مندوں کو آسان شرائط پر دو ،دو لاکھ فی کس کے قرضے جاری کئے گئے جن کی 95فیصد واپسی ممکن ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید 40لاکھ کے بغیر سود قرضے آئندہ 2ماہ تک دیئے جائیں گے۔اس موقع پر صدر پنجاب ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن شیرازالدین خان نے خطاب کرتے ہو ئے وزیر اعلی پنجاب کے ان اقدامات کی بے حد تعریف کی جس کی بدولت بے روزگاری کے خاتمے میں مدد میسر آ رہی ہے ۔

اجلاس میں ایم پی اے ماجد ظہور ، نائب صدر ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن شاکر حسین چیمبر آف کامرس کی محترمہ ناصرہ عتیق ، ڈائریکٹر پی ایس آئی سی غلام نبی ، ریجنل ڈائریکٹر علی رضا کے علاوہ ایسو سی ایشن اور سمال اینڈسٹری کے دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :