جائیکا کی جانب سے پیف پارٹنر سکولوں کے لئے تحفہ کتب، بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں‘ڈاکٹر انیلہ سلمان

پیر 29 جون 2015 20:05

لاہور۔29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) جاپان ادارہ برائے بین الاقوامی تعاون (جائیکا) نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے بچہ مزدوری کا شکار بے وسیلہ بچوں کی شام کے اوقات میں مفت تعلیم کے منصوبے سے منسلک سکولوں کے لئے کتابوں کا تحفہ دیا ہے۔ یہ کتابیں ان سکولوں میں زیر تعلیم طالبعلموں کو مہیا کی جائیں گی تاکہ انکا ذہنی افق وسیع ہو۔

اس حوالے سے تقسیم کتب کی تقریب پیر کو پیف ہیڈ آفس میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انیلہ سلمان کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سلمان انور ملک ،پروگرام ڈائریکٹرز کے علاوہ جائیکا کے پروجیکٹ کوارڈینیٹر عابد گل اور پارٹنر این جی اوز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر انیلہ سلمان نے نے اپنے خطاب میں بتایا کہ گھریلو ملازمین ، بچہ مزدوروں اور اس نوعیت کے دیگر آؤٹ آف سکول بچوں کی مفت تعلیم کے لیئے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت لاہور اور ملتان میں 104پارٹنرتدریسی مراکزقائم کر کے 5ہزار مستحق طلبا ء طالبات کو مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ تدریسی مراکز پیف کی ایجوکیشن وؤچر سکیم سے منسلک ہیں۔ اس منصوبے سے آؤٹ آف سکول بچے سکول واپس آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان تدریسی مراکز کی افادیت کے پیش نظر انہیں اپ گریڈ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ضرورت مند بچوں کی تعلیم ایک عظیم نیکی ہے۔ہم ایسے بچوں کو سکول واپس لائے ہیں جن کے لیئے تعلیم محض ایک خواب تھا ، ان بچوں کے ننھے ہاتھوں میں کتاب دیکر ہم نے انکا مقدر سنوارا ہے اور پاکستان کا کل مضبوط کیا ہے کیونکہ یہ بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔

فروغ تعلیم سے سماجی بھلائی اور انسانی احترام کے اصولوں سے آراستہ معاشرہ پروان چڑھتا ہے۔ جائیکا کے پروجیکٹ کوارڈینیٹر عابد گل نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس فاؤنڈیشن کے تعلیمی ماڈلز کو خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے اور اسے وہاں پر کاپی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جائیکا اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان باضابطہ پارٹنرشپ جلد کی جائے گی۔ تقریب سے سلمان انور ملک ، ثمینہ نواز اور عائشہ نعمان نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر انیلہ سلمان نے طالبعلموں میں کتب و تحائف تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :