بی کام پرائیوٹ کے ضمنی امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی

پیر 29 جون 2015 20:19

کراچی ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) بی کام پرائیوٹ کے ضمنی امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی۔ جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات کے اعلامیہ کے مطابق بی کام پرائیوٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2014ء کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 6 جولائی 2015ء تک توسیع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

طلبہ اپنے امتحانی فارم 3900 روپے فیس برائے سال اول/ دوئم اور 6900 روپے فیس برائے (سال اول ودوئم باہم) کے ساتھ بینک کاؤنٹرز واقع سلور جوبلی گیٹ جامعہ کراچی پر جمع کرا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسے طلبہ جو 2008ء یا اس سے قبل کی رجسٹریشن کے حامل ہیں انہیں امتحانی فیس کے علاوہ 3000 روپے اضافی جمع کرانے ہوں گے۔ دریں اثناء طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی مارکس شیٹ سالانہ امتحانات برائے 2014ء جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر واقع کاؤنٹر نمبر 1 سے حاصل کر لیں۔ مارکس شیٹ کے حصول کیلئے اصل ایڈمٹ کارڈ، رجسٹریشن کارڈ اور قومی شناختی کارڈ ہمراہ لانا ضروری ہے۔