چاہنے والے صبر کریں، نئے ایکشن کے ساتھ ردھم حاصل کرنے میں وقت درکار ہوگا، جلد ٹیم میں واپس آکر ناقدین کے منہ بند کر دوں گا، سعید اجمل

پیر 29 جون 2015 20:19

چاہنے والے صبر کریں، نئے ایکشن کے ساتھ ردھم حاصل کرنے میں وقت درکار ..

اسلام آباد ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان کے نامور آف سپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ناقدین کے منہ بند کر دیں گے، میرا کیریئر ختم نہیں ہوا، نئے ایکشن کے ساتھ دوبارہ ردھم حاصل کرنے میں وقت درکار ہے، سخت محنت اور کارکردگی کی بدولت دوبارہ ٹیم میں جگہ حاصل کر لوں گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں جادو گر سپنر نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ میرا کیریئر ختم ہوگیا ہے مگر ایسا نہیں ہے، یہ وہ ہی لوگ ہیں جو میرے مشکوک باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے کہتے تھے کہ اب اس کا باؤلنگ ایکشن کبھی کلیئر نہیں ہوگا اور اس کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نئے ایکشن میں کچھ تبدیلیاں کر رہے ہیں اور اس لئے انہیں دوبارہ ردھم حاصل کرنے میں ٹائم چاہئے۔

(جاری ہے)

سعید اجمل نے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ میرا کیریئر ختم ہوگیا ہے، میرے چاہنے والے صبر کا مظاہرہ کریں وہ بہت جلد قومی ٹیم میں واپس آئیں گے اور اپنی کارکردگی کی بدولت ناقدین کے منہ بند کر دیں گے۔ سعید اجمل نے مزید کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی میرا خواب تھا پابندی کے باعث میگا ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے سپن باؤلنگ کے حوالے سے قوانین بہت سخت کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے سپنرز کو اپنی مخصوص گیندیں کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔