تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کیلئے اساتذہ کو اپنی تدریسی مہارتوں میں بہتری لاناہوگی، ڈاکٹر محمد انیس

پیر 29 جون 2015 21:18

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد انیس نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کیلئے اساتذہ کو اپنی تدریسی مہارتوں میں بہتری لاناہوگی ۔ ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول مدینہ کالونی میں بہار2015کیلئے میٹرک سے بی اے تک کی امتحانی مشقیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ طلبہ کی رہنمائی کیلئے ٹیوٹرز کے جوفرائض ہیں اُنہیں ادا کرنا ہر ٹیوٹر کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔طلبہ کی تعلیمی مشکلات کو حل کرنا اور اُنکی تعلیمی استعداد کار کر بڑھانا ہر معلم کی ذمہ داری ہے جس کو ادا کیے بغیر تعلیمی اصلاحات کا حصول نا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ٹیوٹرز امتحانی مشقوں کی وصولی کیلئے طلبہ کو فوری طور پر لیٹر ارسال کریں اور ٹیوٹوریل میٹنگز میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ امتحانی مشقیں بروقت مکمل کر سکیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی اور تعلیمی میدان میں مستحکم بنانے کیلئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سالہا سال سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے جس سے نہ صرف شرح خواندگی میں بہتری آرہی ہے بلکہ پاکستان دُنیا کی ترقی یافتہ اور مہذب قوموں کی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک کی دیگر یونیورسٹیوں کی طرح ہر پاکستانی کو تعلیمی زیور سے آراستہ کرنے کیلئے میدان عمل میں ہے اور اسی مقصد کے حصول کیلئے ایسے طلبہ کیلئے جو غربت کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے اُن کی فیسیں معاف یااُنکوخاص رعایت بھی دی گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں 15لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم حاصل کرکے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔اُنہوں نے ٹیوٹرز پر زور دیا کہ ہر ٹیوٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کیلئے کم از کم 5طلبہ کاداخلہ یقینی بنائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ تعلیم حاصل کرسکیں۔ ڈسٹرکٹ کو آرڈنیٹر میاں محمد صفدر، ممتاز ماہر تعلیم محمد اشتیاق نذیر دیگر اساتذہ نے بھی میٹنگ سے خطاب کیا۔

میٹنگ کے اختتام پر ریجنل ڈائریکٹر نے اساتذہ میں میٹرک سے بی اے تک امتحانی مشقوں کی فائلیں بھی تقسیم کیں۔قبل ازیں ریجنل ڈائریکٹر نے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانی سنٹر کا دورہ بھی کیا اور امتحانی عملہ پر زور دیا کہ امتحانی نظام کو مزیدبہتر اور شفاف بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔

متعلقہ عنوان :