کوئٹہ،ملازم کی بیوہ کی رقم ذاتی اکاؤنٹ میں رکھنے کا جرم ، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اور ڈی ڈی او مستونگ کو 6 سال قید اورجرمانے کی سزا

پیر 29 جون 2015 21:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت بلوچستان کوئٹہ کے جج جناب منیر احمد مری نے فوت ہونیوالے ملازم کی بیوہ کو ملنے والی رقم اور سپروائزروں کی اعزازی تنخواہ میں تاخیر اور اسے سرکاری اکاؤنٹ کی بجائے اپنے پرائیویٹ اکاؤنٹ میں رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اور ڈی ڈی او مستونگ کو مجموعی طور پر 6 سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

استغاثہ کے مطابق ملزم اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اور ڈی ڈی او مستونگ عارف جمالدینی نے اپنے دفتر کے فوت ہونیوالے ملازم نثار احمد مرحوم کی اہلیہ کو ملنے والی پنشن کی رقم 1 لاکھ 41 ہزار 7 سو 9 روپے 9 ماہ تک بلاوجہ اپنے اکاونٹ میں رکھی اور پھر اس کی ادائیگی کی جبکہ ملزم نے سپروائزروں کی اعزازیہ کے سات لاکھ روپے بھی غیر قانونی طور پر اپنے پرائیویٹ اکاؤنٹ میں رکھے حالانکہ اسے مذکورہ رقم سرکاری اکاؤنٹ میں رکھنی چاہیے تھی مختلف دفعات کے تحت جرم ثابت ہونے پر عدالت کے جج نے ملزم کو مجموعی طور پر 6 سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔

(جاری ہے)

عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کو مزید 2 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ سرکار کی طرف سے مقدمے کی پیروی منظور احمد اچکزئی ایڈووکیٹ نے کی ۔واضح رہے کہ سزا پانیوالے ملزم عدالت سے ضمانت پر تھے گزشتہ روز انہیں سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ۔